اقلیتی بجٹ میں اضافہ کانگریس حکومت کی نیک نیتی پر مبنی

   

مستقبل میں سب پلان کا اعلان ہوگا۔ صدر نشین ریاستی لائبریریز پریشد ڈاکٹر محمد ریاض کا تاثر
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان و صدرنشین اسٹیٹ لائبریری پریشد ڈاکٹر محمد ریاض نے اقلیتی بجٹ میں 35 فیصد اضافہ کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اقلیتی سب پلان کا بھی اعلان کیا جائے گا، جس پر حکومتی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ ڈاکٹر محمد ریاض نے کہا کہ کانگریس حکومت نے گزشتہ سال کے بہ نسبت اقلیتی بجٹ میں 800 کروڑ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے 3003 کروڑ روپے کر دیا ہے۔ اقلیتی بجٹ میں اضافہ کرنے پر اقلیتوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس حکومت اقلیتوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں تاہم انہوں نے کبھی ان اسکولس کا دورہ نہیں کیا ہے جبکہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ٹمریز کا دورہ کیا، طلبہ سے ملاقات کی ہے۔ ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد ٹمریز کے بجٹ کو بڑھاکر 950 کروڑ روپے کردیا ہے۔ یہی انہیں اقلیتی طلبہ کو بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے چیف منسٹر اوورسیز اسکالر شپس کے لئے 130 کروڑ روپے مختص کیا ہے۔ سی ای ڈی ایم کے لئے بجٹ میں 3 کروڑ روپے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میناریٹی ڈیکلریشن کے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا بھی آغاز کردیا ہے جس میں بھی اقلیتوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ 2