بی جے پی کے قائدین آگ بگولہ ، بی آر ایس قائدین مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی عثمان محمد خان نے تلنگانہ کے اقلیتی بجٹ کو بڑھاکر 3003 کروڑ روپے کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا ہے۔ عثمان محمد خان نے کہا کہ کانگریس حکومت کے پہلے مکمل بجٹ میں اقلیتی بہبود کے لئے 800 کروڑ روپے کا اضافہ خوش آئند اقدام ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ اقلیتی اداروں، اردو اکیڈیمی، وقف بورڈ، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن، حج کمیٹی، ٹمریز اور اقلیتی کمیشن کے بجٹ میں قابل لحاظ اضافہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی وزیر فینانس و ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک نے بجٹ کے ذریعہ یہ ثابت کردیا کہ کانگریس اقلیت دوست حکومت ہے۔ کانگریس حکومت کے اس اقدام پر مرکزی وزراء جی کشن ریڈی، بنڈی سنجے کے علاوہ بی جے پی کے دوسرے ارکان پارلیمنٹ آگ بگولہ ہوگئے ہیں جبکہ بی آر ایس کے قائدین مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ 10 سال سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے جس نے اقلیتی بجٹ کو جوں کا توں موقف رکھا ہے بلکہ کئی اسکیمات کو ختم کردیا ہے۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں اقلیتوں کا صرف استحصال ہوا ہے جبکہ کانگریس حکومت نے میناریٹی ڈیکلریشن کے ذریعہ اقلیتی بجٹ 4000 کروڑ روپے کرنے کا ضرور وعدہ کیا ہے لیکن پہلے ہی سال 3000 کروڑ روپے کا بجٹ دیا ہے۔ ریاست میں مزید چار سال تک کانگریس حکومت رہے گی یقینا اقلیتی بجٹ میں اضافہ ہوگا۔ حکومت کے اس اقدام سے اقلیتوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 2