اقلیتی بجٹ 4000 کروڑ کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے: عامر علی خان کی نمائندگی

   

سبسیڈی لون کیلئے 1000 کروڑ ‘اقلیتوں کیلئے سب پلان ‘ اندرماںامکنہ اسکیم اور شادی شدہ جوڑوں کو امداد
کانگریس انتخابی منشور کے وعدوں کی یاد دہانی ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست کی ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارکاسے ملاقات

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی بجٹ سیشن پر سماج کے تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کی نظریں کی ہیں ۔ حکومت سے تمام محکمہ جات سے بجٹ تجاویز وصول کی گئی ہیں اور ان کا جائزہ لے کر بجٹ کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے سکریٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس ملو بٹی وکرامارکا سے ملاقات کی اور اقلیتی بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کانگریس کی جانب سے انتخابات سے قبل جاری ’ میناریٹی ڈکلریشن ‘ کی نقل ڈپٹی چیف منسٹر کو پیش کرکے ان وعدوں کی عمل کیلئے اقلیتی بجٹ میں فنڈز مختص کرنے پر زور دیا ۔ جناب عامر علی خاں نے بتایاکہ سابق حکومت نے اقلیتوں کو مایوس کیا ہے جس پر مسلمانوں نے اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات میں کانگریس کی تائید اور حمایت کی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس کو احساس ہے ، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں نے کانگریس کا بھر پور ساتھ دیا ہے ۔ کانگریس سیکولر حکومت ہے ۔ اقلیتوں سے وعدوں کو پورا کرنے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ عامر علی خاں نے میناریٹی ڈکلریشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ذات پات کی مردم شماری کرکے آبادی کے تناسب سے اقلیتوں کی معاشی ، تعلیمی اور سماجی پسماندگی کو دور کرنے اقدامات ، فلاحی اسکیمات میں اقلیتوں کو حصہ داری ، اقلیتی بجٹ میں اضافہ کرکے 4000 کروڑ کرنے ، اقلیتوں کیلئے سب پلان کا بھی وعدہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سبسیڈی لون کیلئے علحدہ 1000 کروڑ روپئے مختص کرنے ، عبدالکلام تحفہ تعلیم اسکیم کے تحت اقلیتی طلبہ کو مالی امداد کا وعدہ کیا گیا ۔ وقف جائیدادوں کو ڈیجیٹل کرنے ، مسلمانوں اور عیسائی طبقہ کے قبرستانوں کیلئے الاٹ کردہ اراضیات کا تحفظ بھی شامل ہے ۔ اندراماں امکنہ اسکیم میں اقلیتوں کو 5 لاکھ روپئے کی امداد ، نئے شادی شدہ جوڑوں کو ایک لاکھ 60 ہزار روپئے کی امداد ، فنی تعلیم سے اقلیتی نوجوانوں کو آراستہ کرنے سٹ ون کو ترقی دینے اور پرانے شہر کو نئے شہر کے طرز پر ترقی دینے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو انفراسٹرکچر اور فنڈز فراہم کرکے ترقی کا بھی وعدہ کیا گیا ہے ۔ ملو بٹی وکرامارکا نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود سے حکومت کو بجٹ تجاویز مل چکی ہیں جن کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر انصاف کرنے کا تیقن دیا ۔۔ 2