اردو اکیڈیمی مخدوم ایوارڈ اور کارنامہ حیات ایوارڈز کی پیشکشی، تقریب میں اقلیتوں کی نمائندہ شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے مختلف زمرہ جات میں نمایاں کارکردگی پر 5 مخدوم ایوارڈز اور 21 کارنامہ حیات ایوارڈز پیش کئے گئے۔ اس سلسلہ میں رویندرا بھارتی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدرنشین اردو اکیڈیمی ایم کے مجیب الدین، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم، صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اوردوسروں نے شرکت کی۔ 2019 تا 2023 مختلف زمرہ جات میں جن شخصیتوں کو مخدوم ایوارڈ پیش کیا گیا ان میں جناب جلال عارف (شاعری) ، جناب عزیز احمد (صحافت )، ڈاکٹر عقیل ہاشمی ( تحقیق و تنقید )، مظہر الزماں خاں ( فکشن ) اور پروفیسر حبیب ضیاء ( طنز و مزاح ) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2018 تا 2020 تین برسوں کے ہر سال 7 ایوارڈ کے حساب سے جملہ 21 کارنامہ حیات ایوارڈز پیش کئے گئے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے دوران اقلیتی بہبود کے کئی پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یوم تاسیس تقاریب میں اردو کے پروگراموں کو شامل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود میں تلنگانہ ملک کی نمبر ون ریاست ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کو اقلیتوں کی بھلائی سے خصوصی دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کا بجٹ دیگر ریاستوں سے زیادہ ہے۔ انہوں نے ایوارڈز کے ذریعہ اردو شعراء، ادیبوں اور صحافیوں کی حوصلہ افزائی پر اردو اکیڈیمی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترقی اور فروغ میں ہر اردو داں شخص کو اپنا رول ادا کرنا چاہیئے۔ صدر اردو اکیڈیمی ایم کے مجیب الدین نے اس موقع پر مختلف اسکیمات کی امدادی رقم میں اضافہ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مختلف زمرہ جات میں کارنامہ حیات ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں قاضی فاروق عارفی، ڈاکٹر رحیم رامش، محترمہ خیرالنساء علیم، ڈاکٹر فضل اللہ مکرم، مفتی مستان علی، ڈاکٹر فاضل حسین پرویز، باقر مرزا ، یوسف روش، اسلم عمادی، طاہر رومانی، عابد معز، سمیع اللہ سمیع، محمد مجیب احمد، انور الدین، ڈاکٹر راہی، چچا پالموری، رحیم انور، عبدالقدیر مقدر، رؤف ریحان، محمد فہیم الدین اور اشفاق راشد شامل ہیں۔ر