اقلیتی بہبود کمیٹی کے اجلاس میں بی جے پی رکن کے بے بنیاد الزامات

   

پائل شنکر کی شر انگیزی کا جواب دینے محکمہ اقلیتی بہبود کا کوئی عہدیدار موجود نہیں!

 محمد مبشرالدین خرم

حیدرآباد۔25۔نومبر- تلنگانہ مقننہ کمیٹی برائے اقلیتی بہبود کے اجلاس میں بی جے پی رکن اسمبلی کے بے بنیاد الزامات کے ذریعہ شرانگیزی کا جواب دینے کے لئے محکمہ اقلیتی بہبود کا کوئی عہدیدار اجلاس میں موجود نہیں تھا جبکہ محکمہ داخلہ کے عہدیداروں نے رکن کمیٹی کے اعتراضات پر تنقیح کو یقینی بنانے کا تیقن دیا۔مسلم نوجوانوں کو ملازمت کے لئے جاری کئے جانے والے بی سی (ای) سرٹیفیکیٹ کی اجرائی کے معاملہ میں زمینی سطح پر تحقیق کی جانی چاہئے اور انہیں جاری کئے جانے والے بی سی (ای) سرٹیفیکیٹ کے لئے مساجد کے امام اور ذمہ داران کی جانب سے جاری کئے گئے مکتوبات کو قبول کرنے سے گریز کیا جاناچاہئے ۔ مقننہ کمیٹی برائے اقلیتی بہبود کے اجلاس میں محکمہ داخلہ کے عہدیداروں نے بی جے پی رکن اسمبلی پائل شنکر کے اعتراضات پر حامی بھرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کی ملازمتوں کے حصول کے لئے 4فیصد بی سی (ای) زمرہ کے تحفظات سے استفادہ کرنے والے امیدواروں کے اسنادات کی خصوصی تنقیح کروائی جانی چاہئے۔ اجلاس کے دوران انہو ںنے الزام عائد کیا کہ مسلم نوجوان غیر مجاز طریقہ سے بی سی (ای) سرٹیفیکیٹ حاصل کرتے ہوئے محکمہ پولیس میں ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مقننہ کمیٹی برائے اقلیتی امور کے اجلاس کے دوسرے حصہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار موجود نہیں تھے جو ان الزامات کا جواب دے سکیں یا ان الزامات کے متعلق وضاحت پیش کرسکیں۔ اس اجلاس میں جناب ریاض الحسن آفندی رکن قانون ساز کونسل ‘ رکن اسمبلی بی جے پی پائل شنکر‘ کے علاوہ صدرنشین کمیٹی ٹی لکشما ریڈی موجود تھے ان کے علاوہ کوئی اور کمیٹی رکن بھی اقلیتی بہبود کی مقننہ کمیٹی کے اجلاس میں موجود نہیں تھا۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی نے 16 نومبر کو منعقد کئے جانے والے مقننہ کمیٹی برائے اقلیتی امور کے اجلاس کو دو حصوں میں منعقد کیا تھا جس میں پہلے حصہ میں اقلیتوں کے لئے فلاحی اسکیمات‘ ملازمتوں میں مسلم تحفظات کے قوانین پر عمل آوری‘ وزیر اعظم کے 15نکاتی پروگرام پر عمل آوری‘ کے علاوہ مریال گوڑہ حلقہ اسمبلی میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ شامل تھا جبکہ اجلاس کے دوسرے حصہ میں وزارت داخلہ میں ملازمتوں کی فراہمی کے معاملہ میں تحفظات کے قوانین پر عمل آوری کے علاوہ اقلیتوں سے متعلق لاء اینڈ آرڈر کے مسائل پر غور وخوص ایجنڈہ میں شامل تھا۔ اجلاس کے پہلے حصہ میں شرکت کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے تمام عہدیداران بشمول پرنسپل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم‘ سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود بابا شفیع اللہ ‘ کے علاوہ قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبرالدین اویسی اور دیگر اجلاس سے روانہ ہوگئے ۔ اجلاس کے دوسرے حصہ میں جو اقلیتوں اور محکمہ داخلہ سے متعلق تھا اس اجلاس میں رکن اسمبلی بی جے پی جو اس کمیٹی کے رکن ہیں نے شرکت کرتے ہوئے بی سی (ای) سرٹیفیکیٹ کی اجرائی کے طریقہ کار پر شدید اعتراض کیا ۔بی جے پی رکن اسمبلی کے اعتراض کے موقع پر اجلاس میں صدرنشین ٹی لکشما ریڈی کے علاوہ رکن سید ریاض الحسن آفندی موجود تھے ان کے علاوہ محکمہ داخلہ کے اعلیٰ عہدیداربھی موجود تھے جنہوں نے بی جے پی رکن اسمبلی کے اعتراض کو قبول کرتے ہوئے اسنادات کی سخت تنقیح کو یقینی بنانے کا کمیٹی کو تیقن دیا۔3