اقلیتی بہبود کیلئے 291.83 کروڑ کی اجرائی ، راجیو یووا وکاسم کیلئے 210 کروڑ مختص

   

ائمہ و مؤذنین اعزازیہ کیلئے 30 کروڑ ، اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 37 کروڑ کی منظوری، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے احکام جاری کئے
حیدرآباد ۔ 19۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے مالیاتی سال 2025-26 کے پہلے سہ ماہی کے بجٹ کے طور پر 291 کروڑ 83 لاکھ 65 ہزار کی منظوری دی ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس نے جی او آر ٹی 43 جاری کیا جس کے تحت اقلیتی بہبود کے اداروں اور اسکیمات کیلئے بجٹ منظور کیا گیا۔ حکومت نے اقلیتی بہبود کے لئے مجموعی طور پر 1167.34 کروڑ مختص کیا ہے جس میں سے پہلے سہ ماہی کے طور پر 291.83 کروڑ کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کو خود روزگار اسکیم کے تحت تجارت کے آغاز میں مدد کیلئے اعلان کردہ راجیو یووا وکاسم اسکیم کیلئے 210 کروڑ منظور کئے گئے ۔ اسکیم کیلئے جملہ 840 کروڑ مختص کئے گئے جس میں سے 210 کروڑ پہلے سہ ماہی میں جاری کئے جائیں گے ۔ باقی 630 کروڑ کی آئندہ تین سہ ماہی کے طور پر اجرائی عمل میں آئے گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت ٹریننگ اینڈ ایمپلائیمنٹ اسکیم کیلئے 7.5 کروڑ مختص کئے گئے۔ اسکیم کیلئے بجٹ میں 30 کروڑ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اقلیتی بہبود اسکیمات پر عمل آوری کیلئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 37.5 کروڑ مختص کئے گئے ۔ بجٹ میں اس مقصد کیلئے 150 کروڑ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ سرکاری ہاسٹلس کے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر بجٹ میں مختص کردہ 27.7 لاکھ روپئے میں سے 6.92 لاکھ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کے لئے تین کروڑ جاری کئے گئے جبکہ بجٹ میں 12 کروڑ کی گنجائش ہے۔ تلنگانہ میناریٹی اسٹڈی سرکل کیلئے ایک کروڑ مختص کئے گئے۔ بجٹ میں 4 کروڑ کی گنجائش ہے اور ہر سہ ماہی میں ایک کروڑ جاری کئے جائیں گے۔ دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کیلئے 75 لاکھ کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ بجٹ میں گنجائش 3 کروڑ کی ہے۔ اردو اکیڈیمی کی امداد کے طور پر 29.25 کروڑ پہلے سہ ماہی میں مختص کئے گئے ۔ ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کیلئے بجٹ میں 120 کروڑ کی گنجائش رکھی گئی اور پہلے سہی ماہی کے تحت 30 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ سروے کمیشن وقف کیلئے 4.59 لاکھ ، سنٹر فار ایجوکیشن ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز کیلئے 75 لاکھ ، مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے مینٹیننس کیلئے 82.5 لاکھ اور وقف ٹریبونل کیلئے 5 لاکھ روپئے کی منظوری دی گئی ہے ۔ پہلے سہ ماہی کے تحت مجموعی طور پر 291.3 کروڑ کی اجرائی سے باقی سہ ماہی کی تین اقساط کے طور پر 867.09 کروڑ جاری کئے جائیں گے۔ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے 210 کروڑ میں 90 فیصد اقلیتی فینانس کارپوریشن اور 10 فیصد کرسچین فینانس کارپوریشن کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔1