اقلیتی بہبود کیلئے 40 کروڑ بجٹ مختص

   

Ferty9 Clinic

اوورسیز اسکالر شپ ، اردو اکیڈیمی اور اسٹڈی سرکل کیلئے منظوری

حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے 40 کروڑ 24 لاکھ 10 ہزار روپئے مختلف اسکیمات کے تحت منظور کئے ہیں۔ مالیاتی سال 2019-20 کے تحت دوسرے سہ ماہی کی قسط کے طور پر یہ رقم منظور کی گئی۔ اسپیشل چیف سکریٹری انچارج محکمہ اقلیتی بہبود اجئے مشرا نے اس سلسلہ میں آج جی او آر ٹی 134 جاری کیا۔ جی او کے تحت سنٹرفار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کو ایک کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ سی ای ڈی ایم کیلئے بجٹ میں 2 کروڑ مختص کئے گئے تھے جن میں ایک کروڑ کی اجرائی پہلے عمل میں آچکی ہے۔ تلنگانہ کرسچبن فینانس کارپوریشن کیلئے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کو 3 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ کارپوریشن کے 6کروڑ کے بجٹ میں سے 3 کروڑ پہلے ہی جاری کردیئے گئے۔ اردو اکیڈیمی کو فروغ اردو، اردو کمپیوٹر ٹریننگ و اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کیلئے علی الترتیب 5 کروڑ ، 3 کروڑ اور 2 کروڑ مختص کئے گئے۔ چیف منسٹرس اوورسیز اسٹڈی اسکیم کیلئے18 کروڑ 75 لاکھ روپئے مختص کئے گئے۔ تلنگانہ اسٹڈی سرکل کے تحت کوچنگ کیلئے 2 کروڑ، مکہ مسجد و شاہی مسجد کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے ایک کروڑ 70 لاکھ 35 ہزار ‘ ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کیلئے 3 کروڑ 37 لاکھ 50 ہزار روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ ڈائرکٹر ٹریژریز اینڈ اکاونٹ سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ رقم کی اجرائی کیلئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مجاز کریں۔