حیدرآباد۔16 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے محکمہ بہبود کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی اداروں اور ہاسٹل کے علاوہ اقامتی اسکولوں میں فائر سیفٹی انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔ وزیر بہبود کے ایشور نے محکمہ فائر سیفٹی‘ برقی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اندرون 15یوم تمام اقامتی اسکولوں ‘ ہاسٹلس اور تعلیمی اداروں میں انتظامات کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔ مسٹر ایشور نے جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اقامتی اسکولوں و ہاسٹلس میں برقی سربراہی نظام کے علاوہ فائر سیفٹی کے نظام کا باریکی سے جائزہ لیں اوررپورٹ تیار کریں۔انہوںنے عہدیدارو ںکو مشورہ دیا کہ جن مقامات پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے وہاں فوری کاروائی کرکے حفاظتی کاروائی کریں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ طلبہ کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جو طلبہ سرکاری اسکولوں ‘ اقامتی اسکولوں کے علاوہ ہاسٹلس میں رہ کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے اسی لئے ان میں کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے ۔ کے ایشور نے محکمہ بہبود کے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان تمام ہاسٹلس ‘ اقامتی اسکولس میں آتش فرو آلات کی تنصیب کو یقینی بنانے اقدامات کریں جو محکمہ بہبود کے تحت ہیں اور ان میں موجود سہولتوں اور حفاظتی معیار کے متعلق رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ بہبود کے تحت ضلع کھمم کے اقامتی اسکول میں پیش آئے واقعہ کے پیش نظر وزیر موصوف نے جائزہ اجلاس منعقد کرکے ہاسٹلس اور اقامتی اسکولوں کو محفوظ بنانے کی ہدایات جاری کئے۔