اقلیتی بہبود کے 5 محکمہ جات کیلئے 15 کروڑ روپئے بجٹ جاری

   

ائمہ و مؤذنین کے اعزازیہ کیلئے بجٹ مختص
حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے 15 کروڑ 4 لاکھ 93 ہزار روپئے کا بجٹ جاری کیا ہے۔ مالیاتی سال 2020-21ء کے پہلے سہ ماہی کے تحت سی ای ڈی ایم، دائرۃ المعارف، تلنگانہ حج کمیٹی، وقف بورڈ اور تلنگانہ اسٹڈی سرکل کے لئے یہ بجٹ جاری کیا گیا۔ سی ای ڈی ایم کیلئے بجٹ میں ایک کروڑ 32 لاکھ 36 ہزار روپئے کی گنجائش رکھی گئی تھی اور پہلے سہ ماہی کے تحت 33.09 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ دائرۃ المعارف کیلئے مختص کردہ 91.92 لاکھ کے منجملہ 22.98 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے لئے ایک کروڑ 32 لاکھ 36 ہزار کے منجملہ پہلی قسط کے طور پر 33.09 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کے لئے 55 کروڑ 15 لاکھ روپئے مختص کئے گئے تھے جس میں سے 13 کروڑ 79 لاکھ روپئے کی اجرائی عمل میں آئی۔ تلنگانہ مائناریٹیز اسٹڈی سرکل کے لئے 36.77 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ اسپیشل سیکریٹری محکمہ فینانس ٹی کے سری دیوی نے بجٹ ریلیز آرڈر نمبر 369 جاری کیا۔ پانچ اداروں کو پہلے سہ ماہی کے 60 کروڑ 18 لاکھ 70 ہزار روپئے میں سے 15 کروڑ 4 لاکھ 93 ہزار روپئے جاری کئے گئے ہیں۔