اقلیتی خواتین میں سلوائی مشین تقسیم کرنے کا آج آغاز جگتیال میں پروگرام، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور مہمان خصوصی، امتیاز اسحق

   

حیدرآباد۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحق نے بتایا کہ اقلیتی خواتین کو خود مکتفی بنانے سے متعلق منفرد سلوائی مشین تقسیم کا آج جگتیال سے آغاز ہو رہا ہے۔ حکومت نے اقلیتی خواتین میں 25 ہزار مشین تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امتیاز اسحق نے بتایا کہ وہ جگتیال کا دورہ کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار اور بی آر ایس پارٹی کے دوسرے قائدین کے ساتھ افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لے چکے ہیں۔ موسم برسات کے پیش نظر خواتین کو کوئی تکلیف نہ پہنچے اس کا خاص خیال رکھنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے اور پروگرام میں شرکت کرنے والی خواتین کو تمام سہولتیں فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں کافی سنجیدہ ہے۔ اقلیتوں کو سبسیڈی امدادی اسکیم کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے کے ایک لاکھ روپے امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں۔ 9 ستمبر کو سہ پہر 3 بجے جگتیال میں اقلیتی خواتین میں سلوائی مشین تقسیم کرنے کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی خوشحالی اور ترقی کے لئے جو کام کررہی ہے اس کی ملک بھر میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ چیف منسٹر کے سی آر سیکولر ازم کے علمبردار ہیں کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے حکومت کے خلاف جھوٹے من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ مگر تلنگانہ کے عوام با شعور ہیں۔ کانگریس اور بی آر ایس دور حکومت میں اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لئے کئے گئے کاموں کا تقابل کررہے ہیں اور بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے کے سی آر کو مسلسل تیسری مرتبہ چیف منسٹر بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ن