جگتیال میں افتتاحی تقریب ، صدرنشین امتیاز اسحق
حیدرآباد ۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحق نے بتایا کہ 8 ستمبر کو جگتیال سے خواتین میں سیونگ مشین تقسیم کرنے کی افتتاحی تقریب کا افتتاح ہوگا۔ اس تقریب میں وزیراقلیتی بہبود کے ایشور کے علاوہ دوسرے عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ امتیاز اسحق نے کہا کہ دو دن قبل سکریٹریٹ میں وزیراقلیتی بہبود نے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اقلیتوں کی ایک لاکھ روپئے سے متعلق سبسیڈی اسکیم کے دوسرے مرحلہ کے آغاز اور خواتین میں سوینگ مشینوں کی تقسیم کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساری ریاست میں 20 ہزار اقلیتی خواتین کو سیونگ مشین فراہم کرتے ہوئے انہیں خودمکتفی بنانے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ آج ہی وہ ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر آفیسرس سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے سیونگ مشینوں کی تقسیم کا جائزہ لے چکے ہیں اور اضلاع سطح پر تمام ضروری اقدامات کرنے پر زور دے چکے ہیں۔ صدرنشین کارپوریشن امتیاز اسحق نے بتایا کہ وہ 5 ستمبر کو جگتیال کا دورہ کریںگے اور سیونگ مشینوں کی تقسیم کے افتتاحی پروگرام کے تیاریوں کا معائنہ کریں گے۔ دوسرے مرحلہ کے اقلیتی امدادی چیکس تقسیم کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی جانب سے ضلع کلکٹرس اور ڈی ایم ڈبلیوز کو فہرست روانہ کی گئی ہے۔ اس کا جائزہ لینے کا کام آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ بجٹ کی اجرائی کے ساتھ ہی چیکس تقسیم کردیئے جائیں گے۔ وزیراقلیتی بہبود کے ایشور اور وزیرداخلہ محمد محمود علی اس معاملے میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ سے رابطہ میں ہیں۔ن