اقلیتی طبقات کو تمام شعبہ حیات میں مراعات فراہم کرنے حکومت کوشاں

,

   

تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے موٹر کاروں کی تقسیم ، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور جناب اکبر حسین کا خطاب
حیدرآباد۔28جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے 22اضلاع پر مشتمل کار ڈرائیورس میں 67نئی گاڑیوں کی تقسیم عمل میں آئی ۔ جمعہ کے روز حج ہاوز کی عمارت کے احاطہ میں گاڑیوں کی تقسیم پر مشتمل تقریب کے انعقاد کی صدارت چیرمن تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب اکبر حسین نے کی ۔ مہمان خصوصی کے طور پر ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور میناریٹی ویلفیر کے ریاستی وزیر کے ایشوار اور وزیرداخلہ محمد محمودعلی نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ چیرمن تلنگانہ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم‘ چیرمن تلنگانہ حج کمیٹی محمدمسیح اللہ اور چیرمن تلنگانہ اُردواکیڈیمی مولانا رحیم الدین انصاری نے بھی شرکت کی ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلی عہدیدران شاہنواز قاسم‘ کارپوریٹر گن فاونڈری شریمتی ممتا ‘ رکن اسمبلی نامپلی جعفر حسین معراج ‘ شریمتی کانتی ویزلی وی سی او رایم ڈی ڈی ایس ایم ایف سی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر صدارتی خطاب میں اکبر حسین نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وزیر کے ایشوار نے کہاکہ حکومت تلنگانہ ایس سی ‘ ایس ٹی کے طرز پر اقلیتی طبقات کو بھی تمام شعبہ حیات میںمراعات کی پیشکش میںسنجیدہ ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ہی اقلیتی طبقات کے مسائل کو جنگی خطوط پر حل کرنے کا اعزاز حکومت تلنگانہ کوحاصل ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کودور کرنے کے لئے اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میںلایاگیاہے۔ انہوں نے سابق میںاقلیتی طبقات کے ساتھ جس طرح کی ناانصافی کی گئی ہے اسکو ختم کرنے کے لئے حکومت کام کررہی ہے۔ جناب محمد محمودعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی اولین ترجیحات میںتلنگانہ کے اقلیتی طبقات بالخصوص مسلمانوں کے ماضی کا احیاء ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ ایک ہزار آٹوز کیلئے اعلامیہ جاری کیاگیا تھا مگر 1700درخواستیں موصول ہوئیں جس پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے کہا کہ جتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیںاتنی تعداد میں آٹوز کی تقسیم عمل میںلائی جائے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ پانچ سو کاروں کی تقسیم کا نشانہ مقرر کیاگیاہے جس میںپہلے مرحلے کے دوران 342اور دوسرے مرحلے میں67کاریں تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ ماباقی کاروں کی تقسیم بھی بہت جلد عمل میںلائی جائیگی ۔ انہوں نے کا رحاصل کرنے والے ڈرائیورس سے کہا کہ وہ جمعہ کا روز ہے نماز کی ادائی کے بعد چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی درازی عمر اور تندرستی کے لئے دعائیںکریں۔ بعدازاں ڈرائیورس کو علامتی کار کی چابی کے ساتھ کاروں کے دستاویزات بھی حوالے کئے گئے۔ تقریب میںشامل قائدین نے کاروں کو ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا۔