مالی امداد کے مطالبہ کے تحت 27 اکٹوبر کو اندرا پارک پر دھرنا
حیدرآباد۔/6اکٹوبر،( سیاست نیوز) سی پی آئی ایم کی تنظیم آواز نے غریب آٹو ڈرائیورس کیلئے حکومت سے امداد کی مہم کا آغاز کیا ہے۔ آواز میناریٹیز آٹو ڈرائیورس کمیٹی کی جانب سے مہا دھرنا کا پوسٹر ریلیز کیا گیا۔ سٹی سکریٹری آواز کمیٹی عبدالستار نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں سے تلنگانہ حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ صرف وعدے کررہی ہے۔ انتخابی وعدوں کو کے سی آر نے فراموش کردیا ہے۔ دیگر طبقات کو چھوٹے کاروبار کیلئے قرض فراہم کیا جارہا ہے لیکن اقلیتی طبقہ کے افراد اس اسکیم سے محروم ہیں۔ انہوں نے اقلیتی طبقہ کے آٹو ڈرائیورس کو 5 لاکھ روپئے کی مالی امداد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کورونا وباء کے آغاز کے بعد سے آٹو ڈرائیورس اپنے خاندان کی کفالت کیلئے پریشان ہیں۔ معاشی بحران کے نتیجہ میں وہ آٹو مالکان اور فینانسرس کے مظالم و ہراسانی کا شکار ہیں۔ ٹریفک پولیس کے چالانات معاشی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کی کفالت کے علاوہ بچوں کی فیس اور تعلیمی اخراجات کی تکمیل میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ تنظیم آواز نے 27 اکٹوبر کو دھرنا چوک اندرا پارک پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام میں تنظیم آواز کے قائدین اور آٹو ڈرائیورس شرکت کریں گے۔ر