اخراجات حکومت ادا کرے گی، نامور خانگی اداروں میں کوچنگ: شاہنواز قاسم
حیدرآباد: محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اقلیتی امیدواروںکو سیول سرویس کی کوچنگ کے سلسلہ میں 100 اہل امیدواروں کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ امیدواروں کی پسند کے خانگی کوچنگ سنٹرس میں پیر سے آن لائین کوچنگ کا آغاز ہوجائے گا ۔ سیول سرویس کوچنگ میں خصوصی دلچسپی لینے والے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس جو میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے ڈائرکٹر بھی ہیں ، مزید بتایا کہ اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ 100 امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا جن میں 45 فیصد لڑکیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب امیدواروں کو سیول سرویس کوچنگ کے سلسلہ میں رہنمائی کی گئی ہے تاکہ وہ مکمل دلچسپی کے ساتھ کوچنگ حاصل کریں اور آئی اے ایس ، آئی پی ایس و دیگر سرویسز کے لئے منتخب ہوں ۔ تلنگانہ حکومت نے 2017 ء سے 100 اقلیتی امیدواروں کو ان کی پسند کے معیاری ، خانگی کوچنگ سنٹرس میں اسپانسر کرنے کی اسکیم شروع کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اسکریننگ ٹسٹ میں منتخب امیدوار 6 خانگی کوچنگ سنٹر میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے اور کوچنگ کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ موجودہ بیاچ کے امیدواروں کو کوچنگ سنٹرس کے انتخاب کا موقع دیا گیا ہے ۔ جن نامور اداروں میں کوچنگ دی جائے گی ان میں حیدرآباد اسٹڈی سرکل ، برین ٹری ، انالاگ ، لاء ایکسلینس ، آر سی ریڈی اور ویژن آئی اے ایس انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں۔ ان اداروں سے کئے گئے معاہدہ کے مطابق حکومت ہر امیدوار کی فیس کے طور پر 1.51 لاکھ روپئے ادا کرے گی ۔ اس کے علاوہ شہر سے تعلق رکھنے والے امیداوروں کو ماہانہ 2500 اور اضلاع کے امیداوروں کو ماہانہ 5,000 روپئے بطور اسٹائیفنڈ ادا کئے جائیں گے۔ 9 تا 10 ماہ یہ رقم ادا کی جائے گی۔ اسٹڈی مٹیریل کے لئے 3,500 روپئے دیئے جائیں گے ۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ گزشتہ سال تین امیدوار سیول سرویس پریلمس میں منتخب ہوئے تھے اور سلیکشن کے مرحلہ تک ایک امیدوار نے رسائی حاصل کی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاریہ سال کے بیاچ میں سیول سرویس کے لئے کئی امیدوار منتخب ہوں گے۔