وزیر داخلہ محمود علی نے گاڑیوں کو جھنڈی دکھائی، امداد میں اضافہ کیلئے جمعرات کو بورڈ کا اجلاس: محمد سلیم
حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں کی امداد کے سلسلہ میں اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کا آغاز ہوا۔ پہلے مرحلہ میں دو ہزار خاندانوں کو اناج کے پیاکٹس حوالے کئے جائیں گے اور جمعرات کو بورڈ کے ہنگامی اجلاس میں مزید تقسیم کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے غریبوں میں اناج کی تقسیم کے لئے 20 لاکھ روپئے کی منظوری دی ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج شہر کے مختلف اسمبلی حلقوں میں اناج کے پیاکٹس کی گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ منشاء وقف کے مطابق غریبوں کی امداد کے سلسلہ میں اوقافی جائیدادوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ شہر کے مسلم اقلیتی قابل لحاظ آبادی والے اسمبلی حلقوں میں فی کس 200 پیاکٹس کی روانگی عمل میں آئی ہے ۔ ہر پیاکٹ میں 10 کیلو چاول ، دو کیلو شکر ، ایک کیلو تور دال ، دو کیلو تیل ، دو کیل نمک ، 500 گرام مرچ ، 100 گرام ہلدی ، 100 گرام چائے کی پتی ، ایک سیناٹائزر اور ایک صابن شامل ہیں۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وقف بورڈ کی ستائش کی اور کہا کہ لاک ڈاون سے متاثرہ غریبوں کی امداد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وائیٹ راشن کارڈ رکھنے والے غریبوں کے لئے اناج اور امداد کا اعلان کیا ہے ۔ ایسے غریب جن کے پاس کارڈ نہیں ہے، انہیں بھی اناج اور امداد دی جارہی ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ کورونا وائرس کی دہشت کے سبب ہر کوئی پریشان ہے اور حکومت بھی ہر طرح سے احتیاطی تدابیر اختیار کئے ہوئے ہے ۔ جمعرات کو وقف بورڈ کا ہنگامی اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وائرس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت تمام احتیاطی اقدامات کر رہی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے آج اسمبلی حلقہ جات چارمینار ، یاقوت پورہ ، نامپلی اور کاروان کیلئے فی کس دو سو پیاکٹس روانہ کئے گئے ۔ وقف بورڈ کے ارکان ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا کو 100 ، ایم اے وحید 100 ، سنٹرل وقف کونسل کے رکن حنیف علی 50 اور انگریزی روزنامہ کے ایک صحافی کو 25 پیاکٹس تقسیم کیلئے حوالے کئے گئے ۔ حج ہاؤز کے مینٹننس اسٹاف میں بھی اناج کے پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ حج ہاؤز سے آج 1200 پیاکٹس کی اجرائی عمل میں آئی ۔ مزید 800 پیاکٹس کل جاری کئے جائیں گے ۔