اقلیتی طلباء کو خانگی اداروں کے ذریعہ مختلف فنی کورسیس میں ٹریننگ

   

اداروں کی کارکردگی رپورٹ طلب، اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیم
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو مختلف فنی کورسیس کی تربیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں تاکہ ان کے ذریعہ 15 مختلف فنی کورسیس میں بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جاسکے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت مختلف اداروں کے ذریعہ ٹریننگ کورسیس کا اہتمام کرتا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے مطابق دلچسپی رکھنے والے ٹریننگ اداروں سے پراجکٹ رپورٹ اور گذشتہ تین سال کی کارکردگی کی تفصیلات کے ساتھ درخواتیں طلب کی گئیں اور آج تفصیلات پیش کرنے کا آخری دن تھا۔ ایسے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس جو تجربہ کے ساتھ ساتھ کورسیس میں دلچسپی رکھتے ہیں انہوں نے اپنی کارکردگی رپورٹ کارپوریشن میں جمع کرائی ہے۔ ہر ادارہ میں موجود انفرااسٹرکچر، کورسیس فیکلٹیز، سرٹیفکیشن اینڈ پلیسمنٹ کے علاوہ ادارہ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئیں۔ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے رجسٹریشن کے علاوہ فیکلٹیز کی تعلیمی اور تکنیکی قابلیت، کورسیس اور ان کی فیس، تاحال ٹریننگ حاصل کرنے والے امیدواروں کی تعداد اور پلیسمنٹ کے بعد ان کی تنخواہوں کی تفصیلات اور ٹریننگ مکمل کرنے والے امیدواروں کی رائے پر مبنی تفصیلی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کارپوریشن مختلف کورسیس کی ٹریننگ کی ذمہ داری دے گا۔ ایسے ادارے جو نیشنل اِسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن حکومت ہند، سیکٹر اِسکلس کونسل، میپما ، ٹاسک اور محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے پیانل میں شامل ہوں وہی درخواست دے سکتے ہیں۔ تمام اضلاع میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا اور ہر کورس کی فیس 20 ہزار سے زائد نہیں ہونی چاہیئے۔ کارپوریشن نے جن شعبہ جات کے کورسیس کی نشاندہی کی ہے ان میں تعلیم، انفارمیشن ٹکنالوجی، ہیلت، انیمل ہسبینڈری، ڈیری اینڈ ویٹرنری، ہاؤزنگ، فینانس، پلاسٹک ، ایر کرافٹ مینٹننس، ایر ہوسٹس، کیبن پرو ، ہارٹیکلچر ، ٹوریزم ، ہوٹل اینڈ ہاسپٹالیٹی مینجمنٹ، سی سی ٹی وی، فائر اینڈ سیفٹی، لائیٹ موہر وہیکلس اور ہیوی موہر وہیکلس ڈرائیونگ، سولار پیانل ٹیکنیشن جیسے شعبہ جات شامل ہیں۔ر