اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کی مفت کوچنگ سے استفادہ کی اپیل

   

اسکریننگ ٹسٹ سے 100 طلبہ کا انتخاب، اے کے خاں کا بیان
حیدرآباد: حکومت کے مشیر اور تلنگانہ اقامتی سوسائٹی کے صدر اے کے خاں آئی پی ایس ریٹائرڈ نے اقلیتی امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے دی جارہی ہے سیول سرویس مفت کوچنگ سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا سرویسز امتحانات کی کوچنگ کیلئے 100 اقلیتی امیدواروں کو اسپانسر کرنے کی اسکیم تیار کی گئی ہے۔ 100 امیدواروں کا انتخاب اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ کیا جائے گا اور منتخب امیدواروں کو ان کی پسند کے کوچنگ اداروں میں داخلہ کیلئے اسپانسر کیا جائے گا۔ کوچنگ کی مکمل فیس اور اسٹائیفنڈ حکومت ادا کرے گی ۔ اے کے خاں نے پہلی مرتبہ کوچنگ میں شرکت کے خواہشمند طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کی جانب سے انٹرنس ٹسٹ منعقد ہوگا اور میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیئے جائیں گے۔ جن طلبہ کے سرپرستوں کی سالانہ آمدنی دو لاکھ سے کم ہے ، وہ ویب سائیٹ www.temreis. telangana.gov.in پر آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی گئی ہیں اور انٹرنس امتحان 23 اکتوبر کو 31 اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر اقلیتی اقامتی اسکولوں میں صبح 10.30 تا 12.30 بجے دوپہر منعقد ہوگا۔ اے کے خاں نے کہا کہ یہ ایک منفرد اسکیم ہے جس کے ذریعہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتی امیدواروں کی آئی اے ایس اور آئی پی ایس میں نمائندگی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایس اور آئی اے ایس میں منتخب ہونے کے بعد اپنی کمیونٹی کی بھلائی کی اسکیمات پر عمل آوری کرسکتے ہیں۔ مزید تفصیلات فون نمبر 040-23236112 پر حاصل کی جاسکتی ہے۔