اقلیتی طلبہ کیلئے سیول سرویس کوچنگ کا اعلان

   

26 جون سے آن لائین درخواستوں کا ادخال
حیدرآباد: 20 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کی مفت کوچنگ فراہم کرنے کے لیے تلنگانہ میناریٹیز اسٹیڈی سرکل اینڈ کیریئر کونسل سنٹر نے آن لائین درخواستیں طلب کی ہیں۔ ڈائرکٹر بی شفیع اللہ نے درخواستوں کے ادخال کے لیے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ یونین پبلک سرویس کمیشن سیول سرویسس 2024ء کے لیے 100 اقلیتی طلبہ کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ رول آف ریزرویشن کے تحت خاتون امیدواروں کے لیے 33.33 فیصد اور معذورین کیلئے 5 فیصد تحفظات رہیں گے۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز 26 جون سے ہوگا جو 13 جولائی تک جاری رہے گا۔ امیدواروں کا انتخاب اسکریننگ ٹسٹ کی بنیاد پر ہوگا جو 23 جولائی کو صبح 10 تا 12 بجے دن منعقد ہوگا۔ ایسے اقلیتی امیدوار جو پہلی مرتبہ کوچنگ میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنے سرپرستوں کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ روپئے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ آن لائین درخواستیں ویب سائٹ www.cet.cgg.gov.in/tmreis پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ کوئی بھی جنرل یا پروفیشنل ڈگری رکھنے والے مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھسٹ اور پارسی طبقات کے امیدوار درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اسکریننگ ٹسٹ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں منعقد کئے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کی تفصیلات کا ویب سائٹ پر مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ر