اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کی اسکالر شپ

   

آن لائین درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ31 اکٹوبر
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کی پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالر شپ برائے 2020-21 کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی تواریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے بتایا کہ تینوں اسکالر شپس کے سلسلہ میں پہلی مرتبہ درخواست دینے والے امیدوار 31 اکٹوبر تک آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اسکالر شپ کے رینول کیلئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ بھی 31 اکٹوبر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور طلبہ اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پری میٹرک اسکالر شپ کے تحت پہلی تا دسویں جماعت، پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے گیارہویں تا پی ایچ ڈی، اور میرٹ کم مینس اسکالر شپ انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ٹیکنیکل اور پروفیشنل کورسیس کیلئے دی جائے گی۔ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالر شپ کیلئے امیدوار کو عہدیدار مجاز کی جانب سے جاری کردہ انکم سرٹیفکیٹ دینا ہوگا جبکہ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے سیلف ڈیکلریشن کافی رہے گا۔ تینوں اسکیمات کیلئے صرف آن لائن درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ نیشنل اسکالر شپ پورٹل حکومت ہند پر
www.scholorship.gov.in
پر درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اقلیتی بہبود کی ویب سائیٹ
www.minorityaffairs.gov.in
پر بھی یہ لنک دستیاب رہے گی۔امیدوار درخواست کی کاپی اور ضروری دستاویزات اپنے متعلقہ تعلیمی ادارہ میں داخل کریں تاکہ آن لائن تنقیح کی جاسکے۔ ہارڈ کاپی متعلقہ ضلع کے دفتر میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں۔ طلبہ تمام درکار دستاویزات اسکیان کرتے ہوئے آن لائن اَپ لوڈ کریں۔ مرکزی حکومت کی اسکالر شپ کی منظوری ریاستوں کو الاٹ کردہ نشانہ کے تحت رہے گی۔ گذشتہ سال اسکالر شپ حاصل کرنے والے امیدوار رینول کی حیثیت سے درخواستیں داخل کریں۔