اقلیتی طلبہ کیلئے مرکز کی پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ

   

حیدرآباد۔10 ۔ستمبر (سیاست نیوز) حکومت ہند نے اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے تعلیمی سال 2021-22 ء کی اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کے مطابق اسکالرشپ کے لئے مختلف جماعتوں میں زیر تعلیم اقلیتی طبقات کے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ پہلی تا دسویں جماعت کے لئے پری میٹرک اسکالرشپ دی جائے گی۔ سرکاری ، مسلمہ ، خانگی کالجس بشمول آئی ٹی آئی اور آئی ٹی سی کے ٹکنیکل کورسس سے وابستہ کالجس میں 11 ویں جماعت سے پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو پوسٹ میٹرک اسکالرشپ دی جائے گی ۔ انڈر گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ ، ٹکنیکل اور پروفیشنل کورسس کیلئے میرٹ کم مینس اسکالرشپ منظور کی جائے گی ۔ تعلیمی سال 2021-22 ء کی پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالرشپ کیلئے کسی بھی مجاز عہدیدار کا جاری کردہ انکم سرٹیفکٹ لازمی رہے گا۔ تینوں اسکیمات کے لئے آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ آف لائین درخواستوں کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔ اسکالرشپ کی اہلیت رکھنے والے طلبہ سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کے نیشنل اسکالرشپ پورٹل پر ویب سائیٹ www.scholarships.gov.in پر آن لائین رجسٹر کریں۔ اس ویب سائیٹ کا ایک لنک www.minorityaffairs.gov.in پر دستیاب ہے۔ پری میٹرک اسکالرشپ کی فریش اور تجدیدی درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالرشپ کی درخواستیں 30 نومبر تک قبول کی جائیں گی۔ انسٹی ٹیوٹ کی سطح پر جانچ کی آخری تاریخ 15 ڈسمبر رہے گی ۔ ضلع اور ریاستی سطح پر دوسری جانچ 31 ڈسمبر تک کی جائے گی ۔ شاہنواز قاسم نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ آن لائین جانچ کے لئے تکمیل شدہ درخواست درکار دستاویزات کے ساتھ ادارہ یا اسکول میں داخل کریں جہاں وہ زیر تعلیم ہیں۔ درخواست کی ہارٹ کاپی ضلع یا ریاستی سطح کے دفاتر میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ طلبہ تمام درکار دستاویزات اسکیان کرتے ہوئے آن لائین اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے قطعی ادخال کے بعد تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی ۔ لہذا طلبہ کو احتیاط کے ساتھ درخواست فارم پر کرنا چاہئے۔ R