اقلیتی طلبہ کیلئے کیریئر کونسلنگ مینول کی اجرائی

   


اقامتی اسکولوں میں کارپوریٹ طرز کی تعلیم
وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے مینول جاری کیا
حیدرآباد: وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے تیار کردہ کیریئر کونسلنگ مینول جاری کیا۔ کیریئر کونسلرس کی جانب سے طلبہ کو اپنے مستقبل سے متعلق فیصلے کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں رہنمائی کی گئی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کیریئر کونسلنگ مینول کی تیاری پر اقامتی اسکول سوسائٹی کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے طلبہ کو اپنی زندگی کے فیصلوں میں مدد ملے گی۔ مینول میں مختلف کارآمد شعبوں کی تفصیلات کے علاوہ کونسلنگ اور گائیڈنس فراہم کی گئی ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ ریاستی حکومت غریب طلبہ کو اقامتی اسکولوں کے ذریعہ مفت معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی سے طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہوسکتی ہے ۔ لہذا کے سی آر حکومت نے تمام طبقات کیلئے اقامتی اسکولوں کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے جی تا پی جی تعلیم مفت فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اسی مقصد سے اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں آیا ۔ اسکولوںمیں کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پر اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ ، جوائنٹ سکریٹری شیخ لیاقت حسین کے علاوہ ایم اے لطیف، سعدیہ علاء الدین اور سرینواس راؤ موجود تھے۔