اقلیتی طلبہ کیلئے یونین پبلک سرویس کمیشن اہلیتی امتحان کی مفت کوچنگ

   

آج سے درخواستوں کے آن لائن ادخال کی سہولت
حیدرآباد۔/30اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل اینڈ کیریئر کونسلنگ سنٹر کے زیر اہتمام تعلیمی سال 2025-26 میں اقلیتی طلبہ کیلئے یونین پبلک سرویس کمیشن (UPSC) کے CSAT-2026 کیلئے مفت کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہ کوچنگ ڈیجیٹلائز کلاس روم کے ذریعہ ہوگی جس میں دہلی اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے نامور فیکلٹی ممبرس شرکت کریں گے۔ کوچنگ کے سلسلہ میں خاتون امیدواروں کیلئے 33.33 فیصد اور معذورین کیلئے 05 فیصد تحفظات رہیں گے۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کا یکم؍ مئی سے آغاز ہوگا اور 24 مئی تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ امیدواروں کے انتخاب کیلئے اسکریننگ ٹسٹ 5 جون کو منعقد کیا جائے گا۔ ایسے امیدوار جو پہلی مرتبہ تلنگانہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے کوچنگ پروگرام میں حصہ لینے کے خواہشمند ہیں وہ اسکریننگ ٹسٹ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کی سالانہ آمدنی 5 لاکھ روپئے ہونی چاہیئے۔ آن لائن درخواستیں ویب سائیٹ https://cet.cgg.gov.in/tmreis پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ کسی بھی جنرل یا پروفیشنل کورس کی ڈگری رکھنے والے اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے ۔ اسکریننگ ٹسٹ تمام اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر موجود تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس میں رہے گا۔ نوٹیفکیشن کی تفصیلات ویب سائیٹ پر مشاہدہ کی جاسکتی ہیں یا پھر فون نمبر 040-23236112 سے تمام ایام کار میں صبح 10:30 تا شام 5 بجے ربط کیا جاسکتا ہے۔1