اقلیتی طلبہ کے اسکالر شپ کی اجرائی پر اسمبلی کمیٹی کی رپورٹ طلب

   

حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز)تلنگانہ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اقلیتوں، پسماندہ طبقات اور ایس سی، ایس ٹی طبقات کے بجٹ کی اجرائی اور اسکیمات پر خرچ کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس 24 اگسٹ کو اسمبلی کے احاطہ میں مقرر ہے۔ سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو نے محکمہ جات بی سی ویلفیر، میناریٹیز ویلفیر، ایس سی ڈیولپمنٹ اور قبائیلی بہبود کے سکریٹریز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 2014-15 سے 2020-21 کے درمیان بجٹ کی منظوری، اجرائی اور خرچ کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ مذکورہ مدت کے دوران آڈٹ کے سلسلہ میں کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل ( سی اے جی ) کے ریمارکس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اجلاس میں فلاحی اسکیمات کے بجٹ اور خاص طور پر اسکالر شپس کی اجرائی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود میں 2020-21 اور 2021-22کے چار ماہ کے دوران بجٹ کی اجرائی اور خرچ سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ تفصیلات 18 اگسٹ تک محکمہ اقلیتی بہبود میں داخل کردی جائیں جسے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔ فلاحی اسکیمات اور خاص طور پر اسکالر شپ کی اجرائی کے سلسلہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سی اے جی رپورٹ کی بنیاد پر جائزہ لے گی۔R