اقلیتی فینانس کارپوریشن سے اقلیتی امیدواروں کوسوئفٹ ڈیزائر کاروں کی اجرائی

   

آج سے آن لائن درخواستوں کا ادخال، صدر نشین سید اکبر حسین کا بیان
حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے ’’ ڈرائیور کم اونر ‘‘ اسکیم کے تحت اقلیتی طبقہ کے اہل امیدواروں سے 300 سوئفٹ ڈیزائر کاروں کی اجرائی کے سلسلہ میں درخواستیں طلب کی ہیں۔ صدر نشین کارپوریشن سید اکبر حسین نے بتایا کہ کل 3 نومبر سے آن لائن درخواستوں کی اجرائی کا آغاز ہوگا۔ ’ڈرائیور کم اونر ‘ اسکیم کے تحت 21 تا 40 سال عمر کے اہل افراد سے درخواستیں طلب کررہا ہے۔ امیدوار ویب سائٹ tsobmms.cgg.gov.in پر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ سید اکبر حسین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکرکیا جنہوں نے اقلیتوں کے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کو خود روزگار اسکیم کے تحت سوئفٹ ڈیزائر کاروں کی اجرائی کی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ سابق میں اس اسکیم کے تحت 500 گاڑیاں تقسیم کی گئی تھیں اور امیدوار ان کاروں سے بہتر آمدنی حاصل کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کررہے ہیں۔ درخواست گذار کسی بھی دشواری کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام کے تحت دوسرے مرحلہ میں یہ گاڑیاں جاری کی جائیں گی۔ اسکیم کے لئے ماروتی موٹرس، اوبیر کیاب سرویس پروائیڈر اور بینکس کا اشتراک حاصل ہے۔ اس پروگرام کے تحت ماروتی ڈرائیونگ اسکول میں امیدواروں کو نہ صرف ڈرائیونگ کی تربیت دی جائے گی بلکہ اوبیر کے ذریعہ پلیسمنٹ فراہم کیا جائے گا۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ گاڑی کی خریدی کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ روڈ سیفٹی اور وہیکل مینٹننس جیسے اہم اُمور کے سلسلہ میں سرٹیفکیٹ کورس میں شامل کیا جائے گا۔ امیدواروں کی کم از کم تعلیمی قابلیت آٹھویں جماعت پاس ہونی چاہیئے۔ ایس ایس سی پاس یا فیل امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ درخواست گذاروں کے پاس لائیٹ موٹر وہیکل ٹرانسپورٹ لائسنس جو آر ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ ہو، درخواست گذار حیدرآباد میں اوبیر کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتا ہو۔ درخواست گذار کے خاندان کی سالانہ آمدنی شہری علاقوں میں 2 لاکھ اور دیہی علاقوں میں دیڑھ لاکھ روپئے ہونی چاہیئے۔ تمام درخواستیں آن لائن قبول کی جائیں گی اور 3 نومبر تا15 نومبر آن لائن ادخال کی سہولت رہے گی۔ 15 نومبر کو آن لائن رجسٹریشن کا آخری دن رہے گا۔ اکبر حسین نے بتایا کہ آف لائن درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔