اقلیتی فینانس کارپوریشن سے 16 اداروں میں پیشہ وارانہ کورسس کی تربیت

   

سرکاری اور خانگی شعبہ میں روزگار کے مواقع، تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے کورسس
حیدرآباد۔ 28 نومبر (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت 16 اداروں میں مختلف پیشہ وارانہ کورسس میں ٹریننگ کا اعلان کیاگیا ہے۔ ٹریننگ کے ساتھ ساتھ خانگی اداروں میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ایسے اقلیتی طلبہ جنہوں نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کی ہے وہ ان کورسس میں داخلے کے اہل ہیں۔ معیاری خانگی اداروں کے ٹریننگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ پانچویں جماعت سے انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن تک تعلیم حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے کورسس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بے روزگار اقلیتی نوجوان اس اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے اسکل ڈیولپمنٹ میں مہارت اور روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔ ایسے ادارے جو بہتر تربیت کی فراہمی میں ناکام رہیں گے ان کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اقلیتوں کی معاشی ترقی کے لیے فینانس کارپوریشن سے کئی اسکیمات پر عمل آوری کے خواہاں ہیں۔ ٹریننگ مکمل کرنے والے امیدواروں کو سرکاری اور خانگی شعبہ میں روزگار حاصل ہوسکتا ہے۔ پروفیشنل اور آئی ٹی شعبہ میں کورسس دستیاب ہیں۔ جن خانگی اداروں میں ٹریننگ دی جائے گی ان میں اپولو میڈیکل اسکلس، بھارتی ودیالیا کالج آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، ایم جے اے فائونڈیشن تانڈور، ٹیک نالج حیدرآباد، انسٹی ٹیوٹ آف پرفیکٹ سیفٹی اینڈ سرویلینس، الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیا ای سی آئی ایل، نشینل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن اور دیگر ادارے شامل ہیں جن کورسس میں تربیت دی جائے گی ان میں ڈینٹل اسسٹنٹ، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشین، کاسمیٹک میڈیکل اسسٹنٹ، بیوٹیشن، ہارڈویر نٹورکنگ، ملٹی لینگول ڈی ٹی پی اردو اینڈ تلگو، فیشن ڈیزائننگ، ٹیلرنگ، ایمبرائڈری، مہندی ڈیزائننگ، پراجکٹ انجینئرنگ، پراجیکٹ پلاننگ، آپٹیکل فائبر ٹیکنیشین، براڈبینڈ ٹیکنیشین، فیلڈ ٹیکنیشین، ڈسٹریبیوٹر سیلس مین ایگزیکٹیو، ہارڈویر نٹورکنگ، آٹوکیاڈ، سی سی ٹی وی فائر الارم ٹیکنیشین، ڈیجیٹل مارکٹنگ اور دیگر کورسس شامل ہیں۔ کورس کی مدت ہر کورس کے اعتبار سے مختلف ہے۔ داخلے کے لیے تاریخوں کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔