10,000 سیونگ مشین کی تقسیم ، 5000 خواتین کو 50 ہزار سبسیڈی ، موسیٰ ریور کے متاثرین کو کاروبار کیلئے دو لاکھ روپئے کی فراہمی، 13 ڈسمبر سے آن لائین درخواستیں
حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے تین مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا اعلان کرتے ہوئے اس سلسلہ میں مستحق غریب خاندانوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے غریب خاندانوں کی معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے 33.64 کروڑ سے تین اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی۔ صدرنشین تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال اور صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسکیمات کی تفصیلات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ غریب اقلیتی خاندانوں کی معاشی ترقی کیلئے گزشتہ سال بجٹ میں حکومت نے 340 کروڑ مختص کئے ہیں اور مرحلہ وار اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے 7 لاکھ کروڑ کے قرض کے حصول کے نتیجہ میں ریاست کی معاشی صورتحال کمزور ہوچکی ہے، باوجود اس کے ریونت ریڈی حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات کے لئے بجٹ جاری کیا ہے ۔ عبیداللہ کوتوال نے بتایا کہ غریب اقلیتی خاندانوں میں پہلے مرحلہ کے تحت 10409 سیونگ مشین ، اندرماں مہیلا شکتی پروگرام کے تحت تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اندراماں میناریٹی مہیلا یوجنا کے تحت 5000 غریب خواتین کو کارپوریشن کی جانب سے 50,000 روپئے سبسیڈی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ چھوٹے کاروبار کے ذریعہ خود مکتفی ہوسکیں۔ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے متاثرین میں 139 کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جنہیں کاروبار کے آغاز کے لئے دو لاکھ روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے جائیں گے۔ کارپوریشن 1.40 لاکھ روپئے فراہم کرے گا جبکہ سرینیدھی کے تحت 60,000 روپئے قرض فراہم کیا جائے گا ۔ کارپوریشن کی رقم سبسیڈی کے طور پر رہے گی۔ حیدرآباد ،ر نگا ریڈی اور میڑچل میں موسی ریور پراجکٹ کے متاثرین کا اسکیم کے لئے انتخاب کیا جائے گا ۔ تینوں اسکیمات پر 33.64 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ صدرنشین کارپوریشن نے بتایا کہ تینوں اسکیمات سے استفادہ کیلئے 13 ڈسمبر سے آن لائین درخواستیں قبول کی جائیں گی اور 31 ڈسمبر تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ آن لائین درخواستوں کے لئے www.tgobmms.cgg.gov.in سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ درخواستوں کے ساتھ اہلیت کے دستاویزات داخل کی جائیں اور ان کی ہارڈ کاپی درخواست کے ساتھ اضلاع میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس میں جمع کرائی جائے۔ عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ اسکیمات کی اہلیت کے لئے وائیٹ راشن کارڈ یا انکم سرٹیفکٹ کی پیشکشی لازمی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت تمام اضلاع میں نامور اداروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں تاکہ اقلیتی امیدواروں کو مختلف کورسیس میں ٹریننگ دی جاسکے ۔ اداروں کے انتخاب کے ذریعہ آئندہ دس دنوں میں ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ 30 ، 60 اور 90 امیدواروں کے علحدہ علحدہ بیاچ تشکیل دیئے جائیں گے۔ آرٹیفیشل انٹلیجنس ، سائبر کرائم ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، کمپیوٹر ڈیٹا انٹری ، فیشن ڈیزائننگ اور مہندی جیسے کورسس میں ٹریننگ دی جائے گی ۔ عبید اللہ کوتوال نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ کارپوریشن کی اسکیمات سے استفادہ کیلئے درخواستیں داخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ سے قبل مزید اسکیمات کا آغاز کیا جائے گا جس میں اون یوور کار اور آٹو رکشا اسکیم شامل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کے بعد امیدواروں کو روزگار فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ اسکیمات کے سلسلہ میں کوئی سفارش یا پیروی قابل قبول نہیں ہوگی اور عوام کو درمیانی افراد سے رجوع ہونے سے گریز کرنا چاہئے۔ پریس کانفرنس میں جنرل منیجر فینانس کارپوریشن چاند پاشاہ موجود تھے۔ 1