اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ نوجوانوں کو اِسکل ڈیولپمنٹ کورسیس میں ٹریننگ

   

اہل خانگی اداروں سے درخواستوں کی طلبی
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی طبقہ کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے مختلف پیشہ ورانہ کورسیس میں ٹریننگ فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ایسے خانگی ادارے جو بہتر کارکردگی کے حامل ہوں اور قومی و ریاستی سطح کے سرکاری اداروں سے مسلمہ حیثیت رکھتے ہوں وہ ٹریننگ کی فراہمی کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفیسر حیدرآباد نے بتایا کہ ایسے خانگی ادارے جو اِسکل ڈیولپمنٹ کے تحت ٹریننگ کا تجربہ رکھتے ہیں انہیں نیشنل اِسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن، ٹاس، MEPMA ، بورڈ آف انٹر میڈیٹ ووکیشنل ایجوکیشن اور دیگر سرکاری اداروں سے مسلمہ حیثیت اور الحاق کے حامل ہوننا چاہیئے۔ اسٹیٹ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے توثیق شدہ ادارے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کارپوریشن اقلیتی تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو مفت ٹریننگ فراہم کرے گا۔اقلیتی فینانس کارپوریشن ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت تقریباً 24 مختلف کورسیس میں ٹریننگ کا منصوبہ رکھتا ہے جن میں ڈیجیٹل مارکٹنگ، سوشیل میڈیا مینجمنٹ، ویب ڈیزائننگ، گرافک ڈیزائننگ، ڈیٹا سائنس اینڈ آرٹیفیشل انٹلیجنس، ہارڈویر نیٹ ورکنگ، پری پرائمری ٹیچرس ٹریننگ، ملٹی پرپز ہیلت ورکرس، جنرل ڈیوٹی ہیلت اسسٹنٹ، میڈیکل ٹیکنیشن، لیاب ٹیکنیشن، لینڈ سرویئر، انٹیریر ڈیزائننگ، ویٹرنری اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ، فیشن ڈیزائننگ، بیوٹیشن، ٹیلرنگ، گارمنٹس مینوفیکچرنگ، ہارٹیکلچر اینڈ نرسری ٹیکنیشن، ٹورازم اینڈ ہاسپٹالیٹی، ہوٹل مینجمنٹ، ایرہوسٹس، فلائیٹ اٹینڈنٹ، ڈرائیونگ، لائیٹ اینڈ ہیوی موٹر ڈرائیونگ، اسمارٹ فون ہینڈ سیٹ ریپیرنگ اور دیگر کورسیس شامل ہیں۔ مذکورہ کورسیس میں ٹریننگ کی اہلیت رکھنے والے ادارے 4 اکٹوبر تک تفصیلات داخل کرسکتے ہیں۔ اداروں کو منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن یا ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کے دفتر میں اپنی درخواستیں داخل کرنا ہوگا۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 040-23244501 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔1