اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات

   

اقلیتوںکی معاشی ترقی سے متعلق اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کا عہد

حیدرآباد۔24۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی معاشی ترقی سے متعلق حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کا مشورہ دیا اور کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت موجود مختلف اسکیمات پر عمل آوری کیلئے حکومت ممکنہ تعاون کرے گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین مقرر کئے جانے پر محمد امتیاز اسحق نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ہمراہ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے صدرنشین کو مشورہ دیا کہ وہ کارپوریشن کی کارکردگی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور زیر التواء اسکیمات پر عمل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کارپوریشن کی اسکیمات کیلئے فنڈس کی اجرائی کا تیقن دیا۔ بعد میں امتیاز اسحاق نے وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور کارپوریشن کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ امتیاز اسحق نے چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، سرینواس گوڑ اور محمد محمود علی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں جو توقعات وابستہ کی ہیں، ان پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ حکومت نے اقلیتوں کی معاشی ترقی اور بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کو اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت رکھا ہے جن پر جاریہ سال عمل آوری کیلئے مساعی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقلیتوں کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرانے کے اقدامات کریں گے اور کارپوریشن سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں مستحق افراد کو اسکیمات سے وابستہ کیا جائے گا ۔ امتیاز اسحق نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حقیقی معنوں میں اقلیت دوست اور سیکولر چیف منسٹر ہیں۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد اقلیتوں کی معاشی اور تعلیمی ترقی کیلئے جن اسکیمات کا آغاز کیا گیا اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ ر