اقلیتی قائدین کی نظر گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی نشست پر

   

کوشک ریڈی کی امیدواری کے بعد واحد مخلوعہ نشست کیلئے سرگرمیاں
حیدرآباد۔/17نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایم ایل سی کی 6 نشستوں کے انتخابات میں ایک بھی مسلمان کو موقع نہ ملنے سے مایوس ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین گورنر کوٹہ کی نشست پر مسلم نمائندگی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ ارکان اسمبلی زمرہ کی 6 نشستوں کے علاوہ گورنر کوٹہ کے تحت ایک نشست مخلوعہ ہے۔ چیف منسٹر نے 6 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا لیکن گورنر زمرہ کی نشست کیلئے ابھی تک امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا۔ چیف منسٹر نے حضورآباد ضمنی چناؤ کے موقع پر کانگریس سے شمولیت اختیار کرنے والے کوشک ریڈی کے نام کی گورنر سے سفارش کی تھی لیکن گورنر نے اس نام پر بعض اعتراضات کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوشک ریڈی کے خلاف بعض مقدمات زیر دوران ہیں جس کے نتیجہ میں گورنر نے فائیل کو منظوری نہیں دی۔ کے سی آر نے کوشک ریڈی کا نام ایم ایل اے زمرہ کی نشستوں میں شامل کردیا۔ اس طرح گورنر کوٹہ کی نشست پر کسی اور قائد کے انتخاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین اس نشست کو مسلم نمائندگی کے ذریعہ پُر کرنے پر زور دے رہے ہیں کیونکہ جن 6 ارکان کی میعاد ختم ہوئی ان میں محمد فرید الدین شامل ہیں۔ مسلم نمائندگی کی تکمیل گورنر کوٹہ کی نشست سے کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں مسلم ارکان کی تعداد 7 تھی جو اب گھٹ کر 4 ہوچکی ہے۔ ٹی آر ایس کے مسلم ارکان 4 تھے جو اب 2 ہوچکے ہیں۔ پارٹی سے طویل عرصہ سے وابستہ قائدین نے گورنر کوٹہ کی نشست کیلئے مساعی شروع کردی ہے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں وزراء کے بجائے چیف منسٹر سے نمائندگی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتی ہے۔ ر