حیدرآباد اور اضلاع کے اقلیتی نمائندوں سے شرکت کی اپیل: متین مجددی
حیدرآباد۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ریاستی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے جنرل سکریٹری متین مجددی نے اقلیتوں سے اپیل کی ہے کہ 22 مارچ کو لوٹس پانڈ میں منعقد اقلیتوں کے اجلاس میں شرکت کریں۔ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا نے اقلیتی نمائندوں کا اجلاس طلب کیا ہے جو 22 مارچ کو 2 بجے دن شروع ہوگا۔ شہر اور تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے اقلیتی قائدین اور اقلیتوں کی ترقی کا جذبہ رکھنے والی تنظیموں کے نمائندوں کو شرکت کرنی چاہیئے۔ متین مجددی نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت کے قیام کیلئے شرمیلا نے تمام طبقات سے سرگرم مشاورت کا آغاز کیا ہے۔ راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا تھا۔ اسی جذبہ کے ساتھ شرمیلا اقلیتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو سیاسی اور دیگر سطح پر ترقی دینے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو چاہیئے کہ وہ شرمیلا کی مکمل تائید کرتے ہوئے تمام اضلاع میں نئی پارٹی کو مستحکم کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی پارٹیاں اقلیتوں کی ترقی کے بارے میں صرف وعدوں سے کام لیتی ہیں جبکہ راج شیکھر ریڈی نے عملی اقدامات کئے تھے۔ تلنگانہ میں اقلیتوں اور دیگر طبقات کی محرومی کو دیکھتے ہوئے شرمیلا سیاسی میدان میں قدم رکھ رہی ہیں۔