اقلیتی مالیاتی کارپوریشن تلنگانہ کا مزید استحکام متوقع

   

نونامزد چیرمین امتیاز اسحق سے سید نعیم الدین سکریٹری اُردو اکیڈیمی جدہ اور دیگر کی نیک تمنائیں

محبوب نگر۔ جناب محمد امتیاز اسحق نونامزد ریاستی چیرمین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو جہاں مقامی، ضلعی و ریاستی سطح پر مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے، وہیں بیرون ملک کے این آر آئیز بھی ان کے لئے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ ان سے نیک توقعات بھی وابستہ کررہے ہیں۔ خوشی و مسرت کے ساتھ ان تاثرات کا اظہار جناب سید نعیم الدین باری سکریٹری اُردو اکیڈیمی جدہ فرزند ممتاز شاعر جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں و موظف ایگزیکٹیو انجینئر محبوب نگر نے اپنے ایک صحافتی پیام میں کیا۔ انھوں نے اپنے دیرینہ رفیق محمد امتیاز اسحق کو ریاستی چیرمین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی حیثیت سے نامزد کرنے پر چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھرراؤ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے ایک قابل شخصیت کو عوامی خدمت کا موقع دیا جو فال نیک ہے۔ اُمید ہے کہ امتیاز اسحق کے ذریعہ محکمہ اقلیتی مالیتی کارپوریشن مضبوط و مستحکم ہوگا اور اقلیتوں کو بالخصوص اقلیتی نوجوانوں کو اس سے استفادہ کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے۔ جناب سید نعیم الدین نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امتیاز اسحق اپنی سماجی وسیاسی خدمات کے سبب اپنا ایک منفرد اعلیٰ مقام رکھتے ہوئے بحیثیت اسٹیٹ سکریٹری ٹی آر ایس کافی مقبول رہے. یہاں اس کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ اقتدار میں رہی پارٹی کانگریس کو الوداع کہہ کر جناب محمد امتیاز اسحٰق کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ موومنٹ میں شامل ہوئے اور ٹی آر یس کے اقتدار سے لے کر اب تک انہوں نے کئی الیکشن انچارج کی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاکر پارٹی کو شاندار کامیابیاں دلوائیں۔ ان کی یہی وفاداری اور کارناموں کے مدنظر پارٹی نے ایک اہم ذمہ داری بحیثیت اقلیتی مالیاتی کارپوریشن چیرمین کی دی ہے۔ اس خوشی کے موقع پر تمام این آر آئیز دوست احباب بالخصوص اعجاز احمد (عمان)، محمد سراج، ریاض احمد، انورالدین کاشف، ناظم الدین افروز، محمد عبدالحلیم، ریاض احمد افروز (ریاض)، شیخ تقی، آغا زبیر، معز احمد (جدہ) اور کئی احباب نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس خصوص میں اُردو اکیڈیمی جدہ کے صدر حافظ محمد عبدالسلام و اراکین نے بھی دِلی مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے دور میں اقلیتوں کے مسائل کو بڑی فراحت ودانشمندی کے ساتھ حل کرینگے اور بالخصوص اُردو کی بقاء و فروع کے سلسلہ میں اپنی مؤثر نمائندگی سے اُردو زبان و ادب کو زندہ رکھنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں گے۔ اس موڑ پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھرراؤ کے حسن انتخاب کی ستائش کرتے ہوئے ہدیہ تشکر بھی پیش کیا گیا۔