اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے سلائی مشینوں کی تقسیم کیلئے درخواستوں کی اجرائی

   

کارپوریشن اسکیمات کے کچھ استفادہ کنندگان میں چیکس کی تقسیم ۔ امتیاز اسحاق کا بیان
حیدرآباد۔11جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کی اسکیم ’کے سی آر کا تحفہ خواتین کا بھروسہ‘ کا آغاز کرکے سلائی مشینوں کی تقسیم کا عمل شروع کرنے اور 15 اگسٹ سے قبل 20ہزار سلائی مشینوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ جناب اسحق امتیاز صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے آج اس اسکیم کے تحت مشینوں کیلئے درخواستوں کی اجرائی کا آغاز کیا اور کہا کہ حکومت سے اقلیتوں فلاح وبہبود کی اسکیمات کو روشناس کروائے جانے اور ان پر مؤثر عمل کو یقینی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نے جاریہ مالی سال 20 ہزار مشینوں کی منظوری دی تھی اور ان کی تقسیم کے اقدامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی تھی ۔ حج ہاؤز میں صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے آج ضلع اقلیتی بہبود عہدیداروں کے اجلاس میں اسکیم کے قد و خال سے واقف کروایا اور کہا کہ 2 اگسٹ سے سلائی مشینوں کیلئے درخواستوں کی وصولی اور اجرائی کا آغاز کردیا جائے اور حکومت کی پالیسی کے مطابق ضلعی اقلیتی بہبودعہدیدار کی نگرانی میں استفادہ کنندگان کا انتخاب عمل میں لایا جائے ۔ انہو ںنے بتایا کہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی نگرانی میں اسکیم سے استفادہ کیلئے صرف وہی درخواست گذار اہل ہوں گے جنہوں نے اقلیتی مالیاتی کارپوریش کی کسی اور اسکیم سے استفادہ نہ کیا ہے۔ اجلاس میں بعض اسکیمات کے استفادہ کنندگان کو کارپوریشن سے چیکس کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔ اجلاس میں نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محترمہ کانتی ویزلی ‘ محترمہ پرسیس‘ جناب محمد الیاس احمد ڈی ایم ڈبلیو او حیدرآباد و دیگر اضلاع کے عہدیدار موجود تھے۔ جناب اسحق امتیاز نے بتایا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اسکیمات کا منصوبہ تیار کرکے حکومت کو روانہ کیا جاچکا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میںحکومت سے ان کو منظوری دے کر بجٹ کی اجرائی عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔م