اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے نوجوانوں کیلئے ای اسکوٹر اسکیم : عبید اللہ کوتوال

   

جن اضلاع میں اولا اور اوبیر کی خدمت نہ ہو وہاں دیگر اسکیم متعارف کرنے کی تجویز : صدر نشین کارپوریشن کا بیان
حیدرآباد۔25فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے اقلیتی نوجوانوں کے لئے ای۔اسکوٹر کی جس اسکیم کا آغاز کیا ہے وہ OLAاور UBER سے مربوط اسکیم ہے اسی لئے ان کمپنیوں کی سہولت جن اضلاع میں ہے ان اضلاع میں ہی کارپوریشن کی جانب سے درخواستیں وصول کی جار ہی ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب عبیداللہ کوتوال نے بتایا کہ تلنگانہ کے اقلیتی نوجوانوں کے لئے شروع کی گئی اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنا اور ان کی آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن استفادہ کنندگان کو محض ای۔اسکوٹر کی فراہمی پر اکتفاء نہیں کرے گا بلکہ اس اسکیم سے استفادہ کے بعد مذکورہ کمپنیوں کی نگرانی میں نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور 2تا3ماہ کے لئے دی جانے والی اس تربیت کے بعد مذکورہ ای ۔اسکوٹر اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کو ان کمپنیوں کے علاوہ دیگر کمپنیوں سے مربوط کردیا جائے گا تاکہ وہ ان کمپنیوں کے ساتھ اپنی گاڑیاں چلاتے ہوئے روزگار کا آغاز کرسکیں۔ جناب عبیداللہ کوتوال نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے اس منصوبہ کا مقصد نوجوانوں کو خود روزگار اسکیمات سے جوڑنا ہے ۔ انہو ںنے ویب سائٹ پر تلنگانہ کے بعض اضلاع کے درخواست گذاروں کو درخواستوں کے ادخال کا موقع حاصل نہ ہونے کی شکایت کے سلسلہ میں کہا کہ تلنگانہ کے 33اضلاع میں 8 اضلاع ایسے ہیں جہاں مذکورہ کمپنیوں کی خدمات موجود نہیں ہیں اسی لئے ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان درخواست داخل کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے علحدہ اسکیم کی تیاری کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے۔ صدرنشین فینانس کارپوریشن جناب عبیداللہ کوتوال نے کئی درخواست گذاروں کو راشن کارڈ کے کسی اور اسکیم سے مربوط ہونے کا اطلاع کے ساتھ درخواست قبول نہ کئے جانے کے متعلق بتایا کہ حکومت کی جانب سے تیار کردہ پالیسی کے مطابق گذشتہ 5برسوں کے دوران اگر کسی نے کوئی اسکیم سے استفادہ کیا ہے تو انہیں دوسری اسکیمات سے استفادہ کا موقع نہیں دیا جاسکتا۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ہر گھر تک اسکیم پہنچانے کی جو منصوبہ بندی کی ہے اسی منصوبہ کے تحت اسکیم کو راشن کارڈ سے مربوط کرتے ہوئے ہر خاندان تک اسکیم پہنچانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے ان اسکیمات کے علاوہ نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند ماہ کے دوران مزید اسکیمات کے آغاز کے علاوہ تربیتی منصوبوں کو شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔3