سکریٹری غیر ذمہ دار ، عازمین حج کے تربیتی پروگرام میں شرکت اور ملاقات سے عدم دلچسپی
پچھلے 3 سال سے اقلیتوں کو قرضوں کو عدم فراہمی ، عوام میں بدظنی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( شاہنواز بیگ ) : تلنگانہ میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سب سے اہم ادارہ تصور کیا جاتا ہے ۔ جہاں سے اقلیتی طبقات کو معاشی طور پر بہت ساری امیدیں وابستہ رہتی ہیں ۔ عوام کو یہ امید رہتی ہے کہ انہیں حکومت کے اس ادارے سے سبسیڈی والے قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے ۔ مگر پچھلے 3 سال سے یہ ادارہ ایک طرح عملی طور پر مفلوج ہوچکا ہے ۔ کیوں کہ مذکورہ مدت کے دوران شاید ہی کسی کو قرضہ جات فراہم کیا گیا ہو ۔ درخواست گذار ، بالخصوص چھوٹے چھوٹے تاجرین اس دفتر کے چکر کاٹتے کاٹتے تنگ آچکے ہیں ۔ اب یہ لوگ اس اقلیتی ادارہ میں جانا بھی مناسب نہیں سمجھ رہے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس ادارے کے ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں انتہائی لاپرواہی اور عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں چیف منسٹر کے سی آر 8 ماہ قبل اس ادارے کو کارکرد بنانے کے لیے سکریٹری اقلیتی بہبود کے عہدے پر مہیش دت اکا کو فائز کیا ۔ جو کہ ٹرائبل ویلفیر کے سکریٹری ہیں ۔ جن کا دفتر سکریٹریٹ کے ڈی بلاک میں ہے۔ یہ موصوف ابھی تک نہ ہی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا دورہ کیا اور نہ ہی متعلقہ آفیسروں اور ذمہ داروں کے ساتھ کسی بھی مسئلے پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی زحمت گوارہ کیا ۔ زیادہ تر یہ وقت اپنے دفتر میں ہی گذارتے ہیں ۔ جہاں سخت سیکوریٹی کے باعث عام آدمی نہ ملاقات کرسکتا ہے نہ اپنی مجبوریاں وہ فون پر بھی سنا سکتا ہے ۔ حد یہ ہے کہ ابھی عازمین حج کے تربیتی پروگرام ، حج کیمپ کے اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ ان میں سے کسی بھی حج پروگرام یا کیمپ میں نہ انہوں نے تاحال شرکت کی اور نہ ہی کسی بھی عازمین حج سے ملاقات کی زحمت گوارہ کی ۔ عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر اس قدر بے پرواہ شخص کو چیف منسٹر نے اس قدر اہم ترین عہدے پر فائز کردیا جب کہ کئی ایک قابل اور ذمہ دار آفیسر موجود ہیں ۔ اس مسئلے پر کوئی سیاسی جماعت بھی آواز نہیں اٹھا رہی ہے۔۔