اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے کل گاڑیوں کی تقسیم

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 9 جون ( پریس نوٹ ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام شروع کیا گیا تھا تاکہ ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی طبقات کے ڈرائیورس کو ماروتی موٹرس ‘ اوبیر کیب سرویس ‘ ایس بی آئی و دیگر متعلقہ محکموں سے اشتراک کے ذریعہ با اختیار بنایا جائے ۔ سال 2017-18 کے دوران حکومت نے 500 ماروتی سوفٹ ڈیزائر ٹور ایس گاڑیاں اقلیتی ڈرائیورس کیلئے منظور کی تھیں جن کے تحت 472 اقلیتی ڈرائیورس کو منتخب کیا گیا تھا ۔ پہلے مرحلے میں کارپوریشن کی جانب سے 342 ڈرائیورس میںگاڑیاں 2018 میں تقسیم کی گئی تھیں ۔ ان ڈرائیورس کو اوبیر سرویس سے مربوط کیا گیا ہے ۔ دوسرے مرحلے میں تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے 11 جون کو 11 بجے دن رویندر ا بھارتی میں گاڑیوں کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے جس میں 67 ماروتی سوفٹ ڈیزائر ٹور ایس گاڑیاں اقلیتی ڈرائیورس میں تقسیم کی جائیں گی جو 22 اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ ریاستی وزیر بی سی ویلفیر و اقلیتی امور کے ایشور مہمان خصوصی و صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین صدارت کرینگے ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی ‘ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی و دوسرے مہمان اعزازی ہونگے ۔