اقلیتی نوجوانوں کو روزگار اور تجارت میں رہنمائی

   

ایس آئی او کے سمینار سے امیت ترویدی اور ایس ایم شبیر کا خطاب
حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نوجوانوں بالخصوص اقلیتوں کو روزگار اور تجارت کے سلسلہ میں رہنمائی کیلئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے زیر اہتمام انٹر پرینیورشپ سمینار منعقد کیا گیا ۔ تجارت کے شعبہ سے وابستہ ملک کی نامور شخصیات امیت ترویدی اور ایس ایم شبیر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں تجارت کے سلسلہ میں رہنمائی کی ۔ ایس ایم شبیر نے شرعی اصولوں کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق رہنمائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے سرمایہ کاری اور تجارت کے حلال مواقع فراہم کئے ہیں جن سے استفادہ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے شرعی سرمایہ کاری کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔ امیت ترویدی نے ملک میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کی تفصیلات بیان کی ۔ دونوں ماہرین نے شرکاء کے مختلف سوالات کے جواب دیئے ۔ ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین صدر ایس آئی او تلنگانہ نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جس کی اہم وجہ سیاستدانوں کی نااہلی ہے۔ کورونا بحران کے سبب لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی او کی جانب سے نوجوانوں کو روزگار اور تجارت کے میدان میں رہنمائی کے ذریعہ معاشی طور پر مستحکم بنانے کی مساعی کی جارہی ہے ۔ R