۔67 کاروں کی اجرائی، اقلیتی فینانس کارپوریشن سے 60 فیصد سبسیڈی
حیدرآباد۔ 27 جون (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کے زیر اہتمام ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام کے تحت کل 67 اقلیتی امیدواروں میں موٹر کاروں کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ وزیر بہبودیٔ پسماندہ طبقات و اقلیت کے ایشور 28 جون کو 10:30 بجے صبح حج ہائوز میں منتخب اقلیتی امیدواروں میں 67 ماروتی سویفٹ ڈیزائر گاڑیاں جاری کریں گے۔ نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن اے ایچ این کانٹی ویسلی کے مطابق ماروتی موٹرس اوبیر کیاب سرویس اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اشتراک سے یہ اسکیم متعارف کی گئی تاکہ اقلیتی طبقے کے غریب امیدواروں کو خودمکتفی بنایا جائے۔ 2017-18ء میں حکومت نے ریاست بھر میں 500 ماروتی سویفٹ ڈیزائر گاڑیوں کی منظوری دی ان میں سے 472 اقلیتی امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں 4 ستمبر 2018ء کو 342 گاڑیاں جاری کی گئیں۔ یہ ڈرائیورس اوبیر کیاب سرویس سے وابستہ ہیں جو حیدرآباد میں روزگار فراہم کررہے ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں 67 گاڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین، عوامی نمائندے اور اعلی عہدیدار تقریب میں شرکت کریں گے۔ اسکیم کے تحت 60 فیصد کار کی مالیت کارپوریشن کی جانب سے بطور سبسیڈی دی جائے گی جبکہ بینک 40 فیصد رقم بطور قرض فراہم کرے گا۔ ماہانہ اقساط کی ادائیگی کے ساتھ 2 تا 3 برسوں میں امیدوار گاڑی کا مالک بن سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گاڑی کی جملہ مالیت تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار ہے۔ قرض کی ادائیگی کے بعد امیدوار اگر چاہے تو یہ گاڑی اوبیر کے بجائے خانگی طور پر چلاسکتا ہے۔ اوبیر کیاب سرویس سے وابستگی کے دوران ماہانہ 15 تا 20 ہزار کی آمدنی ہوسکتی ہے۔ حکومت جاریہ مالیاتی سال کاروں کی تقسیم سے متعلق اسکیم کے دوسرے مرحلہ میں تازہ درخواستیں طلب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کے بعد سے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نتیجہ میں کارپوریشن کی مختلف اسکیمات متاثر رہیں۔ بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب بعض اسکیمات کو روبہ عمل لایا نہیں جاسکا۔
