بی آر ایس حکومت کا ڈرائیور کو مالک بنانے کارنامہ، محمد محمود علی ، امتیاز اسحاق کا خطاب
حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کے سی آر کو اقلیت نواز سیکولر چیف منسٹر قراردیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے جو کام کئے گئے ہیں اس کی ملک بھر میں نظیر نہیں ملتی۔ آج میٹرو کلاسک گارڈن فنکشن ہال آرام گھر پر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی ڈرائیور کم اونر اسکیم کے تحت اقلیتی ڈرائیورس میں 120 کاریں تقسیم کی گئیں۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس تقریب کی صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے صدارت کی۔ دیگر مہمانوں میں بی آر ایس کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ، ایم ایل سی رحمت بیگ ، منیجنگ ڈائرکٹر کانتھی ویسلی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے آج تک اقلیتی ڈرائیورس میں 1000 کاریں تقسیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے 14 سال تک جدوجہد کی۔ تلنگانہ عوام کو خوشحال زندگی فراہم کرنے کیلئے اپنی جان کو بھی داؤ پر لگادیا تھا۔ متحدہ آندھرا پردیش میں کسانوں کی خودکشی، برقی کی قلت، فسادات ہوا کرتے تھے، تلنگانہ کا ہر شعبہ پسماندگی کا شکار تھا لیکن آج ہر طرف خوشحالی ہے۔ سماج کے تمام طبقات حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اقلیتی ڈرائیورس کو کاروں کا مالک بنانے کی اسکیم کا آغاز کیا ہے جس کیلئے وہ چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل تک جو اقلیتی ڈرائیورس تھے ایسے ایک ہزار اقلیتی ڈرائیورس کاروں کے مالک بن گئے ہیں۔ اقلیتی سبسیڈی امدادی اسکیم کیلئے حکومت نے ابھی تک 200 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 10 ہزار اقلیتوں میں فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کئے گئے ، دوسرے مرحلہ میں مزید 10 ہزار اقلیتوں میں فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ اقلیتیںخود روزگار شروع کرسکیں۔ اس کے علاوہ اقلیتی خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے25 ہزار سلوائی مشین تقسیم کئے جارہے ہیں۔ متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس اور تلگودیشم کی حکومتوں نے اقلیتوں کو صرف ووٹ بینک بناکر رکھا تھا ۔ بی آر ایس حکومت اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کیلئے 10 سال کے دوران 12 ہزار کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے، حیدرآباد کرفیو اور فسادات سے پاک ہوگیا ہے، اقلیتیں چیف منسٹر کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں اور آئندہ بھی بی آر ایس کو حکومت تشکیل دینے اور کے سی آر کو تیسری مرتبہ چیف منسٹر بنانے میں پوری طرح بی آر ایس کی تائید کریں گے۔ن