اقلیتی کمیشن کا اجلاس، اوقافی اراضیات اُمور کی سماعت

   

بعض معاملات کی یکسوئی، صدر نشین محمد قمر الدین کا بیان

حیدرآباد۔/22 فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب صدر نشین بی شنکر لوکے اور رکن ایم اے عظیم کے علاوہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 7 مختلف مقدمات کی سماعت کی گئی جن میں اوقافی اراضیات اور قبرستانوں سے متعلق اُمور شامل تھے۔ وقارآباد ضلع کے دھارور موضع میں سروے نمبرات 359 اور 360 کے تحت 2ایکر 20 گنٹے اراضی پٹہ دار امینہ بیگم نے مسلم قبرستان کیلئے بطور عطیہ دی تھی۔آر ڈی او وقارآباد اوپیندر ریڈی، اسسٹنٹ ڈائرکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ این رام ریڈی، تحصیلدار ٹی بھیمیا اور وقف انسپکٹر صابر حسین اجلاس کے روبرو پیش ہوئے۔ کمیشن نے فریقین کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ ملکاجگری ضلع کے گھٹکیسر منڈل میں بعض افراد کی جانب سے مسجد کے نام پر رقومات کی وصولی کی شکایت کا جائزہ لیا گیا۔ درخواست گذار اور ان کے وکیل اجلاس کے روبرو پیش ہوئے۔ وقف انسپکٹر بھی موجود تھے۔ مدعی علیہان نے اپنا موقف پیش کیا۔ فریقین نے کہا کہ وہ باہمی طور پر مسئلہ کی یکسوئی کیلئے تیار ہیں۔ وقف انسپکٹر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت 21 مارچ کو مقرر کی گئی۔ معین آباد منڈل کے کنکامامیڈی موضع میں 3 ایکر اراضی شجاعت حسین اور ان کے بھائی مجاہد حسین اور والد عظیم حسین نے خریدی تھی۔ ان کے نام ریونیو ریکارڈ میں شامل کئے جانے ہیں۔ آر ڈی او چیوڑلہ ، تحصیلدار معین آباد اور سروے انسپکٹر معین آباد کو نوٹس جاری کی گئی۔ نائب تحصیلدار او ر سب انسپکٹر پولیس پیش ہوئے۔ درخواست گذار کی سماعت کے بعد کمیشن نے رجسٹرار اور سب رجسٹرار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ مذکورہ اراضی کے سلسلہ میں مزید دستاویزات رجسٹرڈ نہ کریں۔ مقدمہ کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی کی گئی۔ یاقوت پورہ کے ابراہیم انصاری اور میر حسن علی خاں نے ایک خاتون کو لڑکی کی شادی کیلئے 4 لاکھ روپئے ادا کئے تھے اور 11 ماہ میں واپسی کا وعدہ تھا ۔ کمیشن کی مداخلت پر خاتون کے شوہر نے ایک لاکھ روپئے کا چیک کمیشن کے حوالے کیاجسے صدر نشین نے درخواست گذاروں کو پیش کیا۔باقی رقم معاہدہ کے مطابق ادا کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ یاچارم منڈل میں 3 ایکر 22 گنٹے اراضی کے سلسلہ میں ریونیو ریکارڈ میں غیر متعلقہ شخص کا نام شامل کرنے کے خلاف شکایت کی سماعت کی گئی۔ تحصیلدار نے رپورٹ کی پیشکشی کے لئے وقت مانگا جس پر آئندہ سماعت 21 مارچ کو مقرر کی گئی۔ شیخ پیٹ کی گلشن کالونی میں سیلنگ اراضی کو باقاعدہ بنانے کے معاملہ میں کمیشن نے اربن لینڈ سیلنگ عہدیدار کی سماعت کے بعد مقدمہ کی یکسوئی کردی۔