اقلیتی کمیشن کا اجلاس، 12 مختلف مقدمات کی سماعت

   

Ferty9 Clinic

عثمانیہ یونیورسٹی کے عہدیدار اور آنگن واڑی ٹیچر کو انصاف دلانے صدر نشین محمد قمر الدین کی حکام کو ہدایت

حیدرآباد۔/22 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف نوعیت کے 12 مقدمات کی سماعت کی گئی اور ضروری احکامات جاری کئے گئے۔ کمیشن کے ارکان ایم اے عظیم اور سردار سریندر سنگھ کے علاوہ ریٹائرڈ جج ایم اے باسط اور ریٹائرڈ تحصیلدار ایم اے قدیر صدیقی نے صدرنشین کی اعانت کی۔ محبوب نگر میں واقع چرچ کی اراضی کے تحفظ سے متعلق معاملہ زیر غور رہا۔ درخواست ایس جے جوزف نے اپنے وکیل بی بھاسکر بینی کے ساتھ شرکت کی اور اپنا موقف پیش کیا۔ فریق ثانی اجلاس میں شرکت نہ کرسکے تاہم ان کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ان کے موکل علیل ہیں۔ کمیشن نے فریق ثانی کو شخصی طور پر آئندہ سماعت کے موقع پر حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ راجندر نگر کے سروے نمبر 132/5 میں محمد علی عرفان کی اراضی کو غیر قانونی قبضہ کرنے کی شکایت کی سماعت کی گئی۔ درخواست گذار نے پولیس راجندر نگر میں شکایت درج کی۔ سماعت کے موقع پر مقامی پولیس عہدیدار غیرحاضر رہے جس پر آئندہ سماعت 20 جولائی کو مقرر کی گئی۔ کمیشن نے کونڈہ پور میں اراضی پر قبضہ کے ایک معاملہ کی سماعت کی۔ ابتدائی سماعت کیلئے اسے آئندہ کیلئے ملتوی کیا گیا۔ کمیشن نے ایک عائلی تنازعہ کی سماعت کی اور فریق ثانی کی جانب سے شکایت کی نقل فراہم کرنے کی درخواست کو قبول کرلیا۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 17 جولائی کو ہوگی۔ کمیشن نے عثمانیہ یونیورسٹی کے سنٹر فار اڈوانس اسٹڈیز لنگوسٹک کے صدر نشین محمد انصاری کی شکایت کی سماعت کی۔ درخواست گذار اور یونیورسٹی کے نمائندہ وینکٹیشورلو اجلاس میں حاضر ہوئے۔ یونیورسٹی کے نمائندہ نے بتایا کہ کمیشن کی سفارشات کے حق میں عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے احکامات جاری کئے جارہے ہیں۔ سلیکان ہائیٹس منی کونڈہ جاگیر کی 800 مربع گز اراضی کے معاملہ میں کمیشن نے سماعت کی۔ یہ اراضی سنہ 2000 میں احمد وسیم فریدی نے خریدی ہے۔ ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفیسر نے اجلاس کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ منی کونڈہ جاگیر کی 50 ایکر اراضی سرکاری ہے اور یہ کوآپریٹیو ہاوزنگ سوسائٹی کو الاٹ کی گئی۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 20 جولائی کو مقرر کی گئی۔ کمیشن نے بی بی نگر، سنگاریڈی اور دیگر مقامات پر اراضیات کے تنازعات کی سماعت کی۔ آنگن واڑی ٹیچر شیوا نگر قطب اللہ پور منڈل یاسمین کو خدمات سے برطرف کرنے کی سماعت کی گئی۔ محکمہ تعلیم نے رپورٹ پیش کی ہے۔ کمیشن نے شریمتی یاسمین کو بازمامور کرنے ضلع کلکٹر میڑچل ملکاجگری کو ہدایات جاری کی ہیں۔