اقلیتی کمیشن کا اجلاس، 16 مختلف مسائل کی سماعت

   

9 مقدمات کی یکسوئی، عوامی مسائل کے حل کیلئے کمیشن متحرک: محمد قمرالدین
حیدرآباد۔ 5 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 16 مقدمات کی سماعت کی گئی۔ 9 مقدمات کی یکسوئی کی گئی اور دیگر مقدمات کے سلسلہ میں مزید تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اجلاس میں کمیشن کے رکن ایم اے عظیم لیگل اڈوائزر محمد فاروق علی خان، ریٹائرڈ جج ایم اے باسط اور سکریٹری ٹی گوپال رائو نے شرکت کی۔ قضاۃ سے متعلق مقدمہ میں وقف بورڈ کے عہدیداروں نے کمیشن کے روبرو حاضر ہوکر اپنا موقف پیش کیا۔ قاضیوں کو نکاح کی انجام دہی اور سرٹیفکیٹ کی اجرائی سے متعلق درخواست کی کمیشن سماعت کررہا ہے۔ ڈپٹی سکریٹری اقلیتی بہبود رام جی اجلاس پر حاضر ہوئے اور ان کی خواہش پر مقدمہ کی سماعت 4 فبروری تک ملتوی کی گئی ہے۔ قاضی نجم الدین اس معاملہ میں درخواست گزار ہیں۔ ایک اور مقدمہ میں اے سی پی سائوتھ زون کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ 3 لاکھ روپئے حاصل کرتے ہوئے کینیڈا کا ویزار فراہم کرنے کے بارے میں دھوکہ دہی کی شکایت پر کمیشن نے پولیس سے رپورٹ طلب کی۔ چڑی بازار میں واقع قبرستان کے تحفظ کے سلسلہ میں درخواست کی سماعت کے موقع پر ایم اے وحید سپرنٹنڈنٹ وقف بورڈ نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی جانب سے موقف کی وضاحت کی۔ فریقین کی سماعت کے بعد کمیشن نے اپنا فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی میں داخلے، عثمانیہ یونیورسٹی کے ملازم محمد انصاری کی ترقی اور اردو اکیڈیمی کے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے جیسے 9 مقدمات کی سماعت کو کمیشن نے مکمل کرتے ہوئے یکسوئی کردی ہے۔ اسی دوران صدرنشین محمد قمرالدین نے کہا کہ حکومت نے جس مقصد سے کمیشن قائم کیا ہے اس کی تکمیل میں وہ پوری دیانتداری کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو درپیش کسی بھی مسئلہ کی یکسوئی کے لیے کمیشن ہمیشہ حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرنے تیار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے درخواستوں کے ادخال میں اضافہ ہوا ہے۔