اقلیتی کمیشن کا اجلاس، 9 مختلف مقدمات کی سماعت

   

اوقافی اراضیات کے معاملہ میں وقف بورڈ کو نوٹس کی اجرائی، ریٹائرڈ بلدی عہدیداروں کے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ

حیدرآباد۔/25 جنوری، (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 9 مختلف مقدمات کی سماعت کی گئی اور بعض مقدمات کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ وقار آباد ضلع کے دھارور میں 2 ایکر 20 گنٹے اراضی پٹہ دار امینہ بیگم کی جانب سے مسلم قبرستان کیلئے عطیہ دی گئی۔ وقف انسپکٹر صابر حسین اور سب انسپکٹر پولیس اجلاس پر حاضر ہوئے۔ وی آر او دھارور پی شنکر بھی اجلاس کے روبرو پیش ہوئے۔ اراضی کا مشترکہ سروے مکمل نہیں ہوا۔ ڈسٹرکٹ سرویئر آر ڈی او اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کئے جارہے ہیں۔ سروے رپورٹ کیلئے آئندہ سماعت 22 فبروری مقرر کی گئی۔ ملکاجگری ضلع میں عید گاہ اور قبرستان کمیٹی سے متعلق محمد جہانگیر کی درخواست کا جائزہ لیا گیا۔ مسجد کے نام پر بعض افراد کی جانب سے رقومات وصول کرنے کی شکایت ملی ہے۔ وقف بورڈ کو اس سلسلہ میں نوٹس جاری کی گئی۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 22 فبروری مقرر کی گئی۔ چیلہ پورہ میں مکان سے متعلق رحمت النساء بیگم کی درخواست کی سماعت کی گئی۔ سب انسپکٹر چارمینار رمیش باجوری اجلاس پر پیش ہوئے۔ ڈی جی پی اور کمشنر پولیس سے اس معاملہ میں رپورٹ کا انتظار ہے۔ وقف بورڈکی جانب سے متولی طویلہ سفر خان وقف علاء الدین کو رقم کی ادائیگی کے معاملہ کی سماعت کی گئی۔ انسپکٹر آڈیٹر وقف صابر حسین اجلاس کے روبرو پیش ہوئے۔ انہوں نے رپورٹ کیلئے وقت مانگا۔ گلشن کالونی شیخ پیٹ میں سیلنگ لینڈ کو باقاعدہ بنانے کا معاملہ زیر سماعت رہا۔ اربن لینڈ سیلنگ کے عہدیدار نے رپورٹ پیش کرنے کیلئے وقت مانگا۔ محمد خالدسرور ریٹائرڈ ایڈیشنل ٹاون پلانر جی ایچ ایم سی اور افضل علی ریٹائرڈ ٹاون پلاننگ سوپر وائزر جی ایچ ایم سی کی درخواستوں کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کردیا گیا ہے۔ کونڈہ پور میں 336.66 مربع گز اراضی پر قبضہ سے متعلق درخواست کی سماعت کی گئی۔ خاتون درخواست گذار نے کہا کہ بعض نامعلوم افراد نے قبضہ کرلیا ہے۔ نائب تحصیلدار شیر لنگم پلی اجلاس کے روبرو پیش ہوئے اور کمیشن کو بتایا کہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے۔ کمیشن نے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کردیا۔