قبرستان کے تحفظ کے لئے عہدیداروں کو ہدایت، عثمانیہ یونیورسٹی حکام سے رپورٹ طلب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے آج اپنے اجلاس میں 7 مختلف مقدمات کی سماعت کی ہے۔ صدرنشین کمیشن محمد قمرالدین نے رکن ایم اے عظیم، ریٹائرڈ جج ایم اے باسط اور سکریٹری ٹی گوپال راؤ کے ہمراہ مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے مناسب احکامات جاری کئے۔ انہوں نے چوڑی بازار میں واقع قبرستان سے ناجائز قبضوں کی برخواستگی کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں وقف بورڈ اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو نوٹس جاری کی گئی تھی ۔ اجلاس میں درخواست گزار شریک ہوئے جبکہ دوسرے فریق کی غیر حاضری دیکھی گئی ۔ صدرنشین کمیشن نے قبرستان کے تحفظ کے لئے ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔ تلنگانہ میں قضاۃ سسٹم سے متعلق مقدمہ کے سلسلہ میں ڈپٹی سکریٹری اقلیتی بہبود نے کمیشن کے روبرو حاضر ہوکر اپنا موقف پیش کیا۔ انسپکٹر آڈیٹر وقف امیر احمد نے سماعت میں شرکت کی ۔ صدرنشین نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 2 مارچ کو مقرر کی ہے۔ بیرون ملک ویزا فراہم کرنے کے نام پر تین لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی سے متعلق شکایت پر پولیس نے کمیشن کو رپورٹ پیش کی۔ اس معاملہ کو مزید تحقیقات کے لئے ڈی سی پی ساؤتھ زون سے رجوع کیا گیا ہے۔ وقار آباد کے خانگی ہاسپٹل میں ڈاکٹرس کی لاپرواہی سے خاتون کی موت کے معاملہ میں کلکٹر وقار آباد سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ کلکٹر نے اس معاملہ میں اپنی رپورٹ کمیشن کو روانہ کردی۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 19 فروری کو ہوگی۔ عثمانیہ یونیورسٹی نے ایک پروفیسر کے ساتھ ناانصافی کے معاملہ میں یونیورسٹی حکام نے وضاحت کی کہ اس معاملہ کو اگزیکیٹیو کونسل کی میٹنگ میں رکھا گیا ہے ۔ محمد قمرالدین نے 2 مارچ کو آئندہ سماعت مقرر کرتے ہوئے اگزیکیٹیو کونسل کے فیصلے سے واقف کرانے کی ہدایت دی۔