دو پروفیسرس اور دائرۃ المعارف کے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی
حیدرآباد: 27 جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے آج سماعت کا اہتمام کرتے ہوئے کمیشن کو موصولہ شکایات کا جائزہ لیا۔ آج کے مقدمات میں سکریٹری اقلیتی بہبود اور رجسٹرار و وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔ پروفیسر محمد انصاری لنگوسٹک ڈپارٹمنٹ عثمانیہ یونیورسٹی کے معاملے میں ریگولر پنشن جاری کرنے کے لیے کمیشن نے احکامات جاری کئے۔ کمیشن نے پے ریویژن کمیشن کی سفارشات کے مطابق پنشن طے کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار آج کمیشن کے روبرو شخصی طور پر پیش ہوئے اور محمد انصاری کے ریگولر پنشن اسکیم پر عمل آوری سے اتفاق کیا۔ انہوں نے اندرون دو ماہ اس معاملے کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر مہہ جبین اختر دائرۃ المعارف کے خلاف رجسٹرار نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس کی جانچ جاری ہے۔ رجسٹرار نے درخواست گزار کو درکار دستاویزات فراہم کرنے اور عنقریب مقدمہ سے دستبرداری کا تیقن دیا۔ دائرۃ المعارف کے 5 ملازمین کو یکم اگست 2022ء سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔ رجسٹرار نے کہا کہ بجٹ کی اجرائی کے فوری بعد ملازمین کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی اور انہیں خدمات میں برقرار رکھا جائے گا۔ کمیشن کی جانب سے عثمانیہ یونیورسٹی سے متعلق شکایات کی کامیاب یکسوئی کی گئی ہے۔