اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم اور قانون ساز اداروں میں خواتین کو تحفظات فراہمی کا اعلان

,

   

دستور کا تحفظ کرتے ہوئے نفرت کی جگہ محبت کو عام کیا جائے گا ، کانگریس سے ہی سماج کے تمام طبقات کو انصاف ممکن : راہول گاندھی
حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) صدر کانگریس راہول گاندھی نے مرکز میں برسر اقتدار آنے پر غریبوں کے لئے اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم اور قانون ساز اداروں میں خواتین کو تحفظات کی فراہمی کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کے دستور کا تحفظ کرتے ہوئے نفرت کی جگہ محبت اور بھائی چارہ کو عام کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ صرف کانگریس پارٹی ہی سماج کے تمام طبقات کو یکساں انصاف فراہم کرسکتی ہے۔ راہول گاندھی آج شمس آباد میں کانگریس کے بوتھ اور بلاک سطح کے قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ مودی ہندوستان کو دو حصوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ دولت مندوں اور غریبوں کے لئے الگ الگ ہندوستان ہوگا۔ لیکن کانگریس پارٹی ملک کو امیر اور غریب کے درمیان تقسیم ہونے نہیں دے گی۔ اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کی وضاحت کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی ملک کے ہر شخص کے لئے آمدنی کی ایک حد مقرر کرے گی اور اُس حد سے کم آمدنی رکھنے والے ہر شخص کو مقررہ امداد فراہم کی جائے گی اور یہ آمدنی کی رقم راست بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ آمدنی کی حد اور رقم کا تعین حکومت کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس اسکیم سے ملک کے ہر غریب کو فائدہ ہوگا اور معیار زندگی میں اضافہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی کے ہندوستان میں خواتین کا کوئی تحفظ نہیں ہے۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر ملک کی نظریں وزیراعظم پر تھیں کہ وہ خواتین کے بارے میں کیا پیام دیں گے لیکن ملک کو اِس بات پر افسوس ہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کے رکن اسمبلی نے خاتون کی عصمت ریزی کی لیکن مودی خاموش رہے۔ راہول گاندھی نے اعلان کیاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر خواتین تحفظات بِل کو منظوری دی جائے گی۔ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کو تحفظات حاصل ہوں گے۔ راہول گاندھی نے رافیل جنگی طیاروں کی خریدی میں 30 ہزار کروڑ کی چوری کا الزام عائد کیا اور کہاکہ یہ رقم انیل امبانی کو دی گئی۔ حالانکہ اُن کی کمپنی کو جنگی طیاروں کی تیاری کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ کے ذریعہ جنگی طیاروں کی تیاری کا منصوبہ رکھتی تھی جسے سکھوئی، مگ اور دیگر جنگی طیاروں کو تیار کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ 526 کروڑ روپئے کے رافیل طیارے کو 1600 کروڑ روپئے میں مودی حکومت نے خریدا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ برسوں میں نریندر مودی ہندوستان کو امیر اور غریب میں تقسیم کرچکے ہیں۔ 5 دولت مندوں کے ساڑھے تین لاکھ کروڑ کے قرض معاف کئے گئے۔ نیروو مودی، میہول چوکسی، للت مودی اور دوسرے ہندوستان سے لاکھوں کروڑ لوٹ کر فرار ہوگئے لیکن اُن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ دوسرا ہندوستان غریبوں کا ہے جہاں کسان قرض کی معافی کے لئے حکومت سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کررہے ہیں۔