نئی دہلی : مرکزی حکومت نے اقل ترین یعنی کم سے کم اجرت کی حد اور قومی اجرت کی شرح کے تعین کے لئے ماہرین کاگروپ تشکیل دیا ہے ۔جمعرات کو یہ اطلاع دیتے ہوئے مرکزی وزارت محنت و روزگار نے بتایا کہ ماہرین کے گروپ کی مدت نوٹیفکیشن کی اجراء کی تاریخ سے تین سال ہوگی۔انسٹی ٹیوٹ آف اکنامک گروتھ کے ڈائرکٹر پروفیسر اجیت مشرا کو اس گروپ کا چیئرمین بنایا گیا ہے ۔ اس گروپ کے دیگر ممبران میں پروفیسر طارق چکرورتی ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، کولکتہ ، ڈاکٹر انوشری سنہا ، سینئر فیلو این سی اے ای آر ، جوائنٹ سکریٹری مسز وبھا بھلا اور وی وی جی این ایل آئی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ایچ سرینواس شامل ہیں۔ ان کے علاوہ وزارت محنت و روزگار میں لیبر اور روزگار امور کے سینئر مشیر ، ڈی پی ایس نیگی اس گروپ کے ممبر سکریٹری ہوں گے ۔