نیویارک ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد کو بھاری اکثریت سے منظور کر لیا۔ پاکستان نے فلپائن کے اشتراک سے بین المذاہب اور بین الثقافتی مذاکرات کے فروغ سے متعلق قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی تھی۔ جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، ایک دوسرے کے مذاہب اور اقدار کے لیے احترام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے پاکستان کی عالمی کوششوں کا حصہ ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ قرارداد کی منظوری اطمینان کا باعث ہے اور وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا، عدم رواداری کے خطرے سے بار ہا متنبہ کیا ہے‘ اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔