اقوام متحدہ: بین المذاہب مذاکرات کے فروغ کیلئے پاک۔ فلپائن قرارداد منظور

   

نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بین المذاہب مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان اور فلپائن کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان اور فلپائن کی جانب سے جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں عالمی امن اور عدم تشدد کے کلچر کو بڑھانے کے لیے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔40 سے زائد ممالک کی حمایت سے پیش کی گئی قرار داد میں ریاستوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نسل پرستی، زینو فوبیا، نفرت انگیز تقریر، تشدد اور امتیازی سلوک کا مقابلہ کرنے کے لیے شمولیت اور اتحاد کو فروغ دیں۔اقوام متحدہ میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ مذہبی عدم برداشت اور نسل پرستی میں خطرناک حد تک اضافہ بالخصوص دنیا بھر میں اسلامو فوبیا میں اضافے کی موجودہ صورتحال میں یہ قرار داد بروقت اور 193 رکنی اسمبلی کی طرف سے اس کی متفقہ منظوری بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون کا پیغام ہے۔