تہران، 19 ستمبر (یو این آئی) ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ تصادم کے بجائے سفارت کاری کا انتخاب کرے ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے نیوکلیئر معاہدے پر پہنچنے کیلئے2015ء میں نیوکلیئر معاہدے میں شامل 3 فریقوں کو مناسب اور قابل عمل منصوبہ پیش کیا ہے۔ عباس عراقچی نے سلامتی کونسل میں ایران پر اسنیپ بیک پابندیوں کے میکنیزم کو متحرک کرنے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ تصادم کے بجائے سفارت کاری کا انتخاب کرے ۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے صورتحال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں ہم نے قابل عمل منصوبے رکھے جبکہ دوسری جانب سے بہانے تراشے گئے ۔
طیارہ حادثہ کے بعد پائلٹ کی ہنگامی تلاش دوبارہ شروع
سڈنی ، 19ستمبر (یو این آئی) جمعرات کی سہ پہر سڈنی کے جنوب مغرب میں ایک ہلکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں پائلٹ لاپتہ بتایا گیا۔ پائلٹ کا پتہ لگانے کیلئے جمعہ کی صبح بچاؤ کارروائی شروع کی گئی۔ ملٹی ایجنسی سرچ آپریشن جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریبا ساڑھے چار بجے شروع ہوا جب ہنگامی خدمات کو سڈنی کے جنوب مغرب میں تقریباً 200 کلومیٹر دور بڈاوانگ نیشنل پارک بلایا گیا۔ ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے جمعہ کوایک بیان میں کہا کہ ایک چھوٹا تفریحی طیارہ جمعرات کو سڈنی کے جنوب مغربی مضافات میں بینکسٹاون سے ایک ہی مسافر کے ساتھ روانہ ہوا تھا اور جب یہ گر کر تباہ ہوا تو ہوائی اڈے پر واپس آرہا تھا۔
این ایس ڈبلیو پولیس نے بتایا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائی جمعہ کی صبح دوبارہ شروع کی گئی۔