اقوام متحدہ شدید مالی بحران کا شکار

   

نیویارک۔9 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے خبردار کیا ہے کہ عالمی ادارہ اقوام متحدہ شدید مالی بحران کا شکار ہے اور اگر رکن ممالک نے اپنے واجبات ادا نہیں کیے تو اقوام متحدہ کے عملہ کے لئے نومبر کی تنخواہ کے انتظامات مشکل ہوجائیں گے ۔اقوام متحدہ کے تحت مالی معاملات دیکھنے والی ففتھ کمیٹی کی میٹنگ سے گفتگو کرتے ہوئے سکریٹری جنرل نے کہا کہ عالمی ادارہ کے مالی حالات اس قدر دگرگوں ہیں کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس اس سال کی ابتدا میں ہنگامی بنیادوں پر کی گئی بجٹ کٹوتی کی وجہ سے ہی ممکن ہوا۔اینتونیو گوٹریس نے منگل کو کہا کہ ادارہ اس وقت شدید مالی مشکلات کا شکار ہے ،اس وقت پروگراموں کی منصوبہ بندی کے لئے بجٹ نہیں رہا، امن فوج کے لئے بھی رقم ختم ہوچکی ہے اور نومبر میں عملہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بھی رقم موجود نہیں ہوگی۔ انہوں نے تمام ایسے ممالک سے واجبات کی فوری ادائیگی کی درخواست بھی کی جنہوں نے 2019 میں اپنے حصے کی رقم نہیں دی۔